جامعہ کراچی: شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ڈاکٹرعیسیٰ لیکچر ہال کا افتتاح

جامعات کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو پروفیشنل تعلیم کے ساتھ عملی تجربے سے بھی روشناس کرائیں۔ڈاکٹر خالد عراقی

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور حل کے لئے جامعات کلیدی کردار اداکرسکتی ہیں۔ اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے اشتراک کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہمیں صنعتوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کو فروغ دینا ہوگا۔انڈسٹریز کو چاہیئے کہ وہ اپنی ضروریات سے جامعات کو آگاہ کریں تاکہ وہ ان کی ضروریات کے مطابق ایسی تحقیق کرسکیں جس سے نہ صرف انڈسٹریز کو فائدہ ہو بلکہ اس کے معاشرے پر بھی دوررس نتائج مرتب ہو۔جامعات کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو پروفیشنل تعلیم کے ساتھ عملی تجربے سے بھی روشناس کرائیں۔کسی بھی ادارے کی ترقی کے لئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ناگزیر ہے اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی اس پر بھر پورطریقے سے عمل پیرا ہے۔اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے مابین اشتراک سے نہ صرف جامعہ کے فارغ التحصیل طلبہ کو بلکہ دوران تدریس بھی طلبہ کو ملازمت کے مواقع میسر آتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نو تزئین وآرائش کردہ ڈاکٹر عیسیٰ لیکچر ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون،پروفیسرڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ،چیئر پرسن شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شاہینہ ناز اور مختلف صنعتی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ طلبہ کے لئے مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق عملی طور پر کام کرنے کا تجربہ حاصل کرنابھی ناگزیر ہے۔انہوں سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ کی اکیڈیمیاء اور بالخصوص جامعہ کراچی کے ساتھ مسلسل تعاون اس کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ نے کہا کہ صحت مند زندگی کے حصول کے لئے بہترین غذا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اور شعبہ ہذا کے فارغ التحصیل طلبہ کا فوڈ سیفٹی کے حوالے سے بہت اہم کردارہے۔صحت عامہ کی بہتری اور بیماریوں کی روک تھام میں خوراک کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے لیکچر ہال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا استعمال طلبہ ہی کے لئے ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ آغاز ہے وہ نہ صرف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلکہ جامعہ کراچی کے تمام شعبہ جات میں اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناصر ہ خاتون نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ کی اکیڈیمیاء کے ساتھ مسلسل تعاون لائق تحسین ہے،کیونکہ اصل سرمایہ کاری تعلیم پر کی جانے والی سرمایہ کاری ہے جس کے بہترین اور مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

چیئر پرسن شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہینہ ناز شعبہ میں ہونے والی سرگرمیوں اور مختلف صنعتوں کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور لیکچر ہال کی ترئین وآرائش پر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کا شکریہ اداکیا اور امید ظاہر کی کے تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

———————-

جامعہ کراچی: سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی نشستوں کے لئے ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کی نومنتخب ممبران سنڈیکیٹ کو مبارکباد

رجسٹرار جامعہ کراچی وریٹرننگ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید کے مطابق سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی چارنشستوں جس میں پروفیسر،ایسوسی ایٹ پروفیسر،اسسٹنٹ پروفیسراور لیکچررشامل ہیں پرپروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب،ڈاکٹر باسط انصاری،ڈاکٹر محسن علی اور عتیق رزاق منتخب ہوگئے ہیں۔

پروفیسر کی نشست کے لئے ڈاکٹر حارث شعیب 42 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے جبکہ ڈاکٹر شاہ علی القدر نے 28 اورڈاکٹر ظہیر الدین نے 05 ووٹ حاصل کئے۔ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست کے لئے ڈاکٹر باسط انصاری 43 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے جبکہ ڈاکٹر محمد علی نے 40 اور ڈاکٹر عرفان عزیز نے 17 ووٹ حاصل کئے۔

اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست کے لئے ڈاکٹر محسن علی 193 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ سید غفران عالم نے 123،ڈاکٹر محمد نعمان سید نے 13 اورڈاکٹر محمد ساجد خان نے 08 ووٹ حاصل کئے۔لیکچررکی نشست کے لئے عتیق رزاق 48 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ثناء خان نے 29 ووٹ حاصل کئے۔

واضح رہے کہ ان کامیاب امید واروں کے عہدے کی مدت سنڈیکیٹ کی پہلی میٹنگ سے تین برس پرمحیط ہوگی۔دریں اثناء شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرخالدمحمودعراقی نے نو منتخب ممبران سنڈیکیٹ سے دلی تہنیت کا اظہارکیا ہے۔