سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کے لئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس

صوبائی وزرا ء تیمور تالپور،امتیاز احمد شیخ اور مکیش کمار چاﺅلہ کی شرکت اور اتھارٹی کے ڈرافٹ بائی لاز پر تفصیلی تبادلہ خیال

کراچی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر سندھ میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کی غرض سے کابینہ کمیٹی کا اجلاس آج صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ماحولیات تیمور تالپور کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ اور وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاﺅلہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے فرائض و زمہ دار یاں،قوانین، قواعد و ضوابط،گورننگ باڈی اوراتھارٹی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری امور کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ عبد الکبیر قاضی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی اور سندھ سیف سٹی اتھارٹی کی ساخت کے بارے میں بریفنگ دی۔


  اس موقع پر کابینہ کمیٹی کے اراکین نے رائے دی کہ سندھ سیف سٹی اتھارٹی سندھ پولیس کے ماتحت ھونی چاہیئے تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول پولیس کے پاس ھونے سے کسی بھی صورتحال میں پولیس فوری ایکشن کرسکے۔ صوبائی وزرا نے اس رائے سے اتفاق کرتے ھوئے اجلاس کے منٹس کو سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے رکھنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کے قیام کے لئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لئے تیز تر اقدامات کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے بائی لاز کے حتمی ڈرافٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ ڈرافٹ سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں