انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد نہ صرف وومن یونیورسٹی بلکہ پورے خطہ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی

بہاول پور (محمد عمر فاروق خان ) وائس چانسلر صادق کالج وومن یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے سوشل سائینس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موضوع پر پہلی دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد بارے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل کانفرنس میں یوکے، جرمنی، ناروے، اسٹریلیا، جاپان اور ایران سمیت ملک بھر سے مختلف یونیورسٹیوں کے سپیکرز آن لائن اپنے ریسرچ ورک اور تجربات سے آگاہی فراہم کریں گے، وائس چانسلر نے بتایا کہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد نہ صرف وومن یونیورسٹی بلکہ پورے خطہ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی، وائس چانسلر نے کہا کہ گورنمنٹ صادق کالج وومن یونیورسٹی بہاول پور نے کرونا حالات میں آن لائن کلاسز اور ریسرچ ورک سمیت طالبات کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عملی زندگی میں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے انتھک محنت کی ہے اور اسکے ثمرات آج مل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد طالبات کی معلومات میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ وومن انپاورمنٹ کو بڑھانا ہے. انہوں نے بتایا کہ دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد سے خطہ کے نوجوان نسل کو آئی ٹی کے جدید دور کی نئی راہیں متعارف ہونگی جو انکی عملی زندگی میں بہت فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی. وائس چانسلر نے بتایا کہ گزشتہ سال یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں بارہ ویبینار منعقد کرائے جاچکے ہیں جن میں سے سات ویبینار انٹرنیشنل اور پانچ نیشنل لیول کے ویبینار تھے، وائس چانسلر نے بتایا کہ اس وقت مجموعی طور پر 1761 طالبات یونیورسٹی سکالر شپ سے بھی مستفید ہورہی ہیں جن میں سے 825 طالبات احساس پروگرام کے تحت، 198 طالبات کو بیت المال کی جانب سے، 207 طالبات کو مورا سکالر شپ کے تحت، 456 طالبات کو پیف سکالر شپ کے تحت اور 75 طالبات کو ایچ ای سی نیڈ بیس سکالر شپ پروگرام کے تحت وظائف دیے جارہے ہیں، اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے ڈینز اور پروفیسرز بھی موجود تھے