ہمدرد ٹائیگرز نےدو۔ روزہ حکیم محمد سعید (شہید پاکستان)کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا

کراچی : ہمدرد پاکستان کے زیراہتمام دو روزہ حکیم محمد سعید (شہید پاکستان) انٹر ڈپارٹمنٹل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوا جس میںہمدرد پاکستان کے آٹھ ڈپارٹمنٹس کے ساتھ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور ہمدرد یونی ورسٹی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے ۵ ، اوورز پر محیط تھے۔ فائنل میں مارکیٹنگ ڈویژن کی ٹیم ٹائیگرز کا سامنا ہمدرد فائونڈیشن کی ٹیم جیگوارز سے ہوا جس میں ٹائیگرز نے شاندارکھیل پیش کر تے ہوئے جیگوارز ٹیم کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹائیگرز نے مقرر ہ چھ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ایک سو تین رنز(۱۰۳) بنائے۔ اسسٹنٹ منیجر محمد ذیشان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس چھکوں کی مدد سے ۷۵ (پچھتر)رنز اسکور کیے۔جواب میں جیگوار کی ٹیم اپنے چھ اوورز میں بیاسی رنز (۸۲) بنا سکی۔ ٹورنامنٹ کی مہمان خصوصی ہمدردپاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد تھیں جنہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان سید فیض اللہ جواد کو ٹرافی دی۔محمد ذیشان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز اور فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ فنانس کی ٹیم لائنز کے بلیغ الدین احمد ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار دئیے گئے۔ اُنہوں نے ٹورنامنٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس موقع پرہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد صاحبہ، ہمدرد فائونڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل جناب فرخ امدا د اور ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن صاحب بھی موجود تھے۔