پی ایس ایل کے دوسرے ایلیمنیٹر میں یونائیٹڈ کو شکست، پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام، پشاور زلمی پی ایس ایل 6 کے فائنل میں پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی چوتھی مرتبہ پی ایس ایل فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ وہاب ریاض الیون نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 175 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، جس کے بعد 24 جون کو فائنل میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا ہوگا۔
پشاور زلمی کے حضرت اللہ زازائی نے 66 رنز کی دھواں دار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیڈی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
اننگز کے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس وقت نقصان پہنچا جب کولن منرو کی جانب سےکھیلا گیا شاٹ دوسرے اینڈ پر وکٹ سے جا ٹکرایا اور باؤلر شعیب ملک نے رن آؤٹ کی اپیل کردی۔ ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باوجود تھرڈ امپائر نے دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اگلے ہی اوور میں محمد عرفان نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو چلتا کرکے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔
کولن منرو کا ساتھ دینے برینڈن کنگ آئے اور دونوں نے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ برینڈن کنگ نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد عماد بٹ کو چھکا لگایا لیکن ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں آل راؤنڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 18رنز بنائے۔ کولن منرو نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، کامران اکمل وکٹوں کے عقب میں ان کا آسان کیچ نہ پکڑ سکے لیکن ایک گیند بعد ہی عرفان نے پھر انہیں آؤٹ کردیا۔
98 کے مجموعی سکور پر یونائیٹڈ کو پانچواں نقصان پہنچا جب افتخار احمد 10 رنز بنانے کے عبد چلتے بنے۔شاداب خان 16 گیندیں کھیل کر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، آصف علی کی اننگز بھی 8 رنز پر تمام ہوئی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم جمعرات کے روز فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہو گی۔ لیگ کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔
میچ کے لیے پشاور زلمی وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران پر مشتمل ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، برینڈن کنگ، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف، عاکف جاوید شامل ہیں۔

———————-

پاکستان سپرلیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا۔ ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد نے پشاور کو جیت کے لیے 175رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی نے 175 رنز کا ہدف 16 اعشاریہ 5 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ زلمی کی جانب سے حضرت ﷲ زازئی، جوناتھن ویلز اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے ان فارم بیسٹمین حضرت ﷲ زازئی نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 4 بلند بالا چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

جوناتھن ویلز اور شعیب ملک ناقابل شکست رہے، جنہوں نے بالترتیب 55 اور 32 رنز بنائے۔ جوناتھن ویلز نے 3 چھکے اور 6 چوکے مارے جبکہ شعیب ملک کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل 6 ایلیمنیٹر 2: حسن علی کی شاندار بیٹنگ، زلمی کو جیت کیلئے 175رنز کا ہدف

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

کولن منرو نے 29 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور 7 چوکے لگائے۔ حسن علی نے صرف 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عرفان، محمد عمران اور عماد بٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔