بینک آف خیبر کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر کون ؟

خیبر بینک کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر کون ؟

پشاور( ارشد عزیز ملک )محکمہ خزانہ نے بینک آف خیبر کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کے لئےتین ناموں پر مشتمل سمری صوبائی کابینہ کوارسال کردی ہے۔تینوں امیدوارمیرٹ لسٹ میں سرفہرست ہیں۔صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت پیر کو ہوگا جس میں ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دی جائے گی ۔باوثوق ذرائع کے مطابق علی گل فراز میرٹ میں سرفہرست ہیں اور توقع ہے کہ وہ بینک آف خیبر کے اگلے ایم ڈی ہوں گے۔ ایم ڈی کی پوسٹ پچھلے ڈیڑ ھ سال سے خالی تھی ۔صوبائی حکومت نے ایم ڈی کی پوسٹ کے لئے درخواستیں طلب کیں جس کے بعدایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے امیدواروں کے انٹرویوکئے جس کے نتیجے میں پانچ امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ۔کمیٹی نے پانچوں امیدواروں کے نام بینک کے بورڈآف ڈائریکٹرز کو بھجوائے تاکہ بورڈ بھی امیدواروں کے انٹرویو کرکے تین امیدواروں کی حتمی میرٹ لسٹ مرتب کرے ۔بینک کے بورڈ نے علی گل فراز ٗوقار چوہدری ٗباسط ملک ٗ احسان اللہ احسان ٗمحمد عاطف حنیف کےانٹرویوز کئے ۔ذرائع کے مطابق بورڈ کے ممبران نے انٹرویو کا عمل مکمل کرکےتین امیدواروں کو پہلی دوسری اورتیسری پوزیشن کے لئے نمبردئیے ہیں جس کی بنیاد پر بورڈ نےتین تاموں پر مشتمل فہرست صوبائی حکومت کو بھجوائےہیں جن میں سے ایک کا انتخاب ایم ڈی کے عہدے کے لئے صوبائی کابینہ کرے گی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بورڈ کی میرٹ لسٹ میں علی گل فراز پہلے ٗوقار چوہدری دوسرے اور باسط ملک تیسری پوزیشن پر ہیںجبکہ احسان اللہ احسان اور محمد عاطف حنیف کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔علی گل فراز فوجی فائونڈیشن میں کارپوریٹ سٹریٹیجی اینڈ انوسٹمنٹ کے سابق سربراہ رہے ہیں اور بینکنگ کے شعبے میں ان کا وسیع تجربہ ہے وقار اجمل چوہدری میرٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ ریاض میں سمبا فنانشل گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں۔باسط ملک سٹینڈر چارٹرڈ بینک کے ایس ایم ای کے کنٹری ہیڈ ہیں۔
https://jang.com.pk/news/941426?_ga=2.76071568.486200025.1623550452-1395937409.1623550441