1 ارب کی جعلسازی کا مقدمہ، باپ بیٹا اور بھتیجا گرفتار

کراچی کی سیشن عدالت نے ایک ارب روپے کی جعلسازی کے مقدمے میں باپ، بیٹے اور بھتیجے کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں جس کے بعد ایف آئی اے نے ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

پاک چائنا فرٹیلائزز کمپنی کے سابق سی ای او رفیق بھوجانی پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر کمپنی کو آف لائن سے آن لائن کیا۔

کمپنی کے ڈائریکٹر کے نام سے جعلی کاغذات تیار کیے اور پھر کمپنی کے شیئر اپنے اور اپنے بیٹے زین بھوجانی اور بھتیجے مزمل بھوجانی کے نام پر منتقل کردیے جن کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے ہے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کیخلاف کمپنی کے ڈائریکٹر طاہر حسین کی مدعیت میں پیکا قوانین، جعلی دستاویزات کی تیاری اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ کیا تھا۔

ملزمان نے سیشن جج منور علی لودھی کی عدالت میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں جس پر عدالت نے گذشتہ سماعت پر طرفین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا

عدالت نے آج تینوں ملزمان کی درخواستیں مسترد کریں جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

https://jang.com.pk/news/939526