کویت میں مخصوص کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی گئی

معاون سیکریٹری صحت برائے خوراک و ادویہ ڈاکٹر عبداللہ البدر نے منگل کو بیان میں کہا کہ کویت کی تکنیکی کمیٹی نے ویکسین کے حوالے سے تمام سائنسی رپورٹوں اور گوشواروں کا تفصیل سے جائزہ لیا تھا جبکہ اس کے معیار، موثر اور محفوظ ہونے سے متعلق مہیا معلومات کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی تیاری میں تمام بین الاقوامی معیار استعمال کیے گئے ہیں، یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہے۔

تکنیکی کمیٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی ویکسین کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی اور جب بھی تبدیلی کی کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو کویتی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ کویتی وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے گزشتہ روز بیان جاری کرکے کہا تھا کہ کورونا ویکسین درآمد کرنے کے لیے جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے۔