سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا وفاق سے کاشتکاروں کو ریلیف، ٹیکس معاف، نئے ٹیکس نہ لگانے کا مطالبہ

پانی کی قلت، ٹڈی دل حملوں، بارشوں سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے, وفاق کاشتکاروں کے ٹیکسز معاف اور انکو ریلیف فراہم کرے. قائم علی شاہ

عمران خان نے معیشت، سفارتکاری، تجارت، زراعت سمیت ہر شعبے کو تباہ کردیا. سید قائم علی شاہ

کراچی (07 جون 2021) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاق سے کاشتکاروں کو ریلیف، ٹیکس معاف، نئے ٹیکس نہ لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کی قلت، ٹڈی دل حملوں، بارشوں سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے, وفاق کاشتکاروں کے ٹیکسز معاف اور انکو ریلیف فراہم کرے. قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کو پانی نہ ملنے سے کپاس، گنا، چاول، مرچی اور دیگر فصلیں نہ ہوسکیں، کاشتکاروں کو بغیر سود اور آسان شرائط پر نئے قرضے دیے جائیں. سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دنیا میں کاشتکاروں کو زراعت پر سبسڈی دی جاتی ہے مگر یہاں لوٹا جارہا ہے، عمران خان نے زراعت کا بیڑہ غرق کر دیا، مصیبتوں، آفتو ں کے علاوہ کچھ نہ ملا، عمران خان نے معیشت، سفارتکاری، تجارت، زراعت سمیت ہر شعبے کو تباہ کردیا. ان کا کہنا تھا کہ پورے سندھ کا انحصار زراعت پر ہے، سلیکٹڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے گندم کی پیداوار بھی کم ہوئی ہے. انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے گندم باہر سے منگوائی، کبھی پاکستان گندم، کاٹن، چینی بھی ایکسپورٹ کرتا تھا آج خود منگوا رہا ہے۔