ارسا پانی معاہدہ 1991 کی خلاف ورزی کررہاہے

*صوبہ سندھ کو شدید پانی قلت کا سامنا ہے، شازیہ مری*

*ارسا پانی معاہدہ 1991 کی خلاف ورزی کررہاہے، شازیہ مری*

کراچی(5 جون 21)؛ مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ سندھ کو شدید پانی قلت کا سامنا ہے اور انڈس رور سسٹم اتھارٹی صوبوں کے مابین طے شدہ پانی معاہدہ 1991 کی خلاف ورزی کررہاہےجوکہ ایک مجرمانہ اور غیرآئینی عمل ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پانی بحران پر ٹویٹ کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کی کونسل نے صوبوں کے مابین پانی معاہدہ 1991 کی منظوری دی جس کے تحت ارسا کا قیام عمل میں آیا اور ارسا صوبوں کو معاہدہ کے مطابق پانی نہیں دے رہا جو کہ ارسا کی وجود پربھی سوالیہ نشان ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ انڈس رور سسٹم اتھارٹی کا قیام صوبوں میں پانی کی تقسیم کی نگرانی کو یقینی بنانا تھا لیکن افسوس سے ارسا 91 معاہدے کے تحت صوبوں میں پانی کی تقسیم نہیں کر رہا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبہ سندہ میں جاری شدید پانی بحران کی وجہ سے انڈس ڈیلٹا کا علاقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔