بجرنگی بھائی جان کی ’مُنّی‘ کتنے برس کی ہوگئی؟

بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان کی مقبول ترین فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں مُنّی کا کردار ادا کرنے والی چائلد فلم اسٹار ہرشالی ملہوترا 13 برس کی ہوگئی ہیں۔

ہرشالی ملہوترا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی 13ویں سالگرہ کی تقریب کی تصویریں اور ویڈیوز شیئر کیں۔
’بجرنگی بھائی جان‘کی مُنّی نے گھر میں ہی اپنے اہلخانہ کے ساتھ اپنی 13ویں سالگرہ منائی۔

اس موقع پر ہرشالی ملہوترا نے گلابی رنگ کا لباس زیب تن کیا جبکہ اُن کے گھر والوں نے اُن کے لیے کیک بھی گلابی رنگ کا ہی تیار کروایا۔
اُن کی تصویروں اور ویڈیوز پر مداحوں کی بڑی تعداد نے اُنہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ہرشالی ملہوترا نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی تصویریں شیئر کی تھیں جن کو دیکھنے کے بعد اُن کے مداح دنگ رہ گئے تھے کیونکہ ہرشالی صرف 7 سال کی تھیں جب وہ بجرنگی بھائی جان میں سلمان خان کے ساتھ جلوہ گر ہوئی تھیں۔
ہرشالی کی تصویریں دیکھنے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اُنہیں انسٹاگرام پر فالو کرنا شروع کیا اور چند مہینوں میں چائلڈ فلم اسٹار کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد ایک ملین سے زائد ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’بجرنگی بھائی جان‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی جس میں سلمان خان اور کرینہ کپور کے ساتھ چائلڈ اسٹار ہرشالی ملہوترا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں نواز الدین صدیقی شامل تھے۔