فواد خان سیریز ’مس مارول‘ میں اداکاری کریں گے؟

پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان مارول اسٹوڈیوز کی سیریز ’مس مارول‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

مارول اسٹوڈیوز کی سیریز ’مس مارول‘ جوکہ مشہور امریکی اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس کےلیے بنائی جارہی ہے، متعدد پاکستانی اداکار بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں گے، سیریز کی کاسٹ میں تازہ ترین اضافہ اداکار فواد خان کا ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی اس بڑی خبر کے بارے میں بتایا ہے۔
ہارون رشید نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’زبردست! فواد خان مس مارول میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں، ڈزنی پلس کی یہ سیریز ’مس مارول‘ مارول اسٹوڈیوز کے پہلے مسلمان کردار کے بارے میں ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اس شو کے آفیشل آئی ایم بی ڈی (IMBD) پیج پر سیریز کی کاسٹ کی فہرست میں فواد خان کا نام درج ہے۔
ہارون رشید نے مزید بتایا کہ ’رپورٹ کے مطابق، بھارتی اداکار فرحان اختر، پاکستانی اداکارہ نمرا بوچا اور ثمینہ احمد بھی کاسٹ میں شامل ہیں لیکن مارول اسٹوڈیوزکی جانب سےابھی تک اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔‘