امریکہ کا دنیا کو 8 کروڑ کورونا ویکسینز فراہم کرنے کا اعلان

امریکہ کورونا وبا کے خلاف جنگ میں دوسرے ڈونرز کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے تاکہ ویکسینز کی مساوی اور تیزی سے فراہمی کو یقنی بنایا جاسکے۔ کوویکس پروگرام کے تحت جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ کے ممالک کو جولائی سے پہلے ترجیحی بنیادوں پر ویکسین فراہم کی جائے گی۔ فوری طور پر امریکی ضروریات اور دیگر مقاصد کے لئے کم از کم 25 فیصد شاٹس رکھے جائیں گے۔ امریکی حکومت کا یہ فیصلہ عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام اس پروگرام کے تحت کیا گیا ہے جس میں ضرورت مند ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گی ۔

خیال رہے کہ امریکا نے اس سے پہلے 6 کروڑ کورونا ویکسینز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی ویکسین کی 2 ارب سے زائد خوراکیں عوام کو لگائی جاچکی ہیں۔غیر ملکی خبرایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق 2 ارب سے زائد ویکسین کی خوراکیں عوام کو لگائے جانے کا سنگ میل ویکسینیشن مہم کے آغاز کے6 ماہ میں حاصل کیا گیا ہے۔ کینیڈا میں 59 فیصد،برطانیہ میں 58 فیصد اور امریکا میں 51 فیصد آبادی کو ایک ویکیسن کی ایک ڈوز لگائی جاچکی ہے۔

دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 37 لاکھ 17 ہزار 237 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 15 کروڑ 56 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 79 ہزار سے زائد ہے۔