ویرات کوہلی سے موازنہ، بابر اعظم نے لب کشائی کردی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ون ڈے کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم نے سابق نمبر ایک بیٹسمین ویرات کوہلی سے موازنہ کرنے پر لب کشائی کردی۔

خیال رہے کہ دنیائے کرکٹ میں بیٹنگ کے شعبے میں ویرات کوہلی، کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ اور جو روٹ کو صف اوّل کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کیا جاتا تھا، جبکہ انھیں ’فیب 4‘ (عمدہ چار کھلاڑی) کہا جاتا تھا۔

اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ چند سالوں میں کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں اپنی عمدہ اور تسلسل کے ساتھ پرفارمنس سے دنیا کو یہ باور کروایا کہ وہ بھی فیب 4 کی طرح کے ہی کھلاڑی ہیں اور اب ان کی شمولیت کے بعد یہ اب ’فیب 5‘ ہوگیا ہے۔

اسی دوران بابراعظم اور ویرات کوہلی کا بیٹنگ میں موازنہ بھی کیا جاتا ہے، جس کی بڑی وجہ بابراعظم کا ہر گزرتے میچ کے ساتھ ویرات کوہلی کے بنائے ہوئے ریکارڈز بھی توڑنا ہے۔

بلاشبہ ویرات کوہلی نے بابر اعظم سے زیادہ کرکٹ کھیلی ہے جبکہ وہ متعدد مرتبہ اپنی ٹیم کو اہم فتوحات سے ہمکنار بھی کرواچکے ہیں، تاہم دوسری جانب بابراعظم بھی اسی راہ پر گامزن ہیں۔

ویرات کوہلی سے اپنا موازنہ کیے جانے پر پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں، انھوں نے ہر جگہ اور بڑے میچز میں پرفارمنس دی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب لوگ ہمارا موازنہ کرتے ہیں تو اس پر میں دباؤ محسوس نہیں کرتا، بلکہ مجھے فخر ہوتا ہے کہ وہ لوگ میرا موازنہ اتنے بڑے کھلاڑی کے ساتھ کر رہے ہیں۔‘

بابراعظم نے کہا کہ ’ذاتی طور پر کہوں تو ہمارا آپس میں کوئی موازنہ نہیں ہے، لیکن لوگ یہ موازنہ کرتے ہیں اور مجھے خوشی ہوتی ہے۔‘

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ’میرا مقصد ہے کہ میں اسی طرح اپنی کارکردگی دکھاؤں جس طرح ویرات دکھاتے ہیں، اور پاکستان کو میچز جتواؤں تاکہ پاکستان فخر کرے۔‘

نوجوان سپر اسٹار نے کہا کہ ’دیکھیے، ہم دونوں علیحدہ علیحدہ کھلاڑی ہیں۔ میرا اپنا کھیلنے کا انداز ہے اور ویرات کا اپنا کھیلنے کا انداز ہے، لہٰذا میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔‘