کوئٹہ میں دہشت گردی کی تازہ واردات کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس حکام کے مطابق پیر کی رات سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقے میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں چار پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب یہ اہلکار ایک مسجد میں نماز تراویح کے دوران سیکورٹی کی غرض سے موجود تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور فرنٹیئر کور نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو ایدھی، چھیپا اور نجی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال اور گیلانی ہسپتال پہنچایا گیا۔ پاکستان میں شدت پسندوں کی کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے میڈیا کو ایک پیغام میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن پولیس عبدالرزاق چیمہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دھماکے میں چار اہلکار ہلاک اور گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔


ان کے بقول دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔
پولیس نے ابتدائی اطلاعات کے مطابق بتایا کہ پولیس وین کے قریب دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً کے بعد پولیس اور دیگر فورسز نے سٹیلائٹ ٹاﺅن اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دھماکے کے بعد وہاں پہنچنے والے چھیپا ایمبولینس سروس کے ایک اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جب وہ وہاں زخمیوں کو طبی امداد دینے وہاں پہنچے تو دیکھا کہ دھماکے سے بڑی تباہی ہوئی تھی۔ محمد نعیم کے بقول دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور مین سٹیلائٹ ٹاﺅن چوک پر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ’میں نے اپنی گاڑی میں تین زخمیوں کو بٹھایا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی۔ ہم نے زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ کے سول سنڈیمن ہسپتال پہنچایا۔  تین شدت پسندوں سمیت 8 ہلاکتوں کی تصدیق، دھماکے کے بعد سیکرٹری صحت بلوچستان نے کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے وزیر میر ضیاءلانگو نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو پولیس وین کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن امان کی صورتحال کو کسی کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ہفتہ کے روز بلوچستان کے ضلع گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر بھی تین شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں تین شدت پسندوں اور نیوی کے اہلکار سمیت 8 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔