انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ریسرچ گرانٹ رائٹنگ پر ویبینار کا انعقاد

تحقیق قوموں کے عروج وزوال میں بنیادی کردار کا حامل وہ عمل ہے جو کامیابی کے سفر کو مزید تیز کرتاہے۔ڈاکٹر نبیل زبیری

شعبہ عمرانیات جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر نبیل احمد زبیری نے کہا کہ تحقیق قوموں کے عروج وزوال میں بنیادی کردار کا حامل وہ عمل ہے جو کامیابی کے سفر کو مزید تیز کرتاہے اور بالخصوص جامعات دیگر تعلیمی اداروں سے ممتازہوتی ہے کیونکہ جامعات میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیقی عمل کیاجاتاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ ویبیناربعنوان: ”ریسرچ گرانٹ رائٹنگ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شعبہ جرمیات جامعہ کراچی کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے اساتذہ کو گرانٹ کی مختلف پالیسیز سے آگاہ کرتے ہوئے نئے موضوعات پر تحقیق کرنے اور انہیں بروقت مکمل کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔

ویبینار کے آرگنائزر ڈاکٹر معروف بن رؤف شعبہ تعلیم اور ڈاکٹر نداعلی شعبہ کیمیاء جامعہ کراچی نے کہا کہ مذکورہ ویبینارکا مقصد جامعہ کراچی کے اساتذہ کو تحقیق کے مختلف طریقوں سے روشناس کرانا اور مختلف کلیہ جات میں ریسرچ گرانٹ کے اعلان کے بعد اساتذہ کی تربیت اور انہیں گرانٹ کی پالیسیز سے آشنا کراناہے۔انہوں نے ویبینار میں شریک اساتذہ کو ریسرچ گرانٹ کے حصول میں آنے والی مشکلات میں معاونت کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کلیہ فنون وسماجی علوم،کلیہ قانون اور کلیہ نظمیات وانتظامی علوم کی طرح دیگر کلیہ جات کی ڈین ریسرچ گرانٹ کااعلان بھی جلد ہی کردیا جائے گا۔
—————–
جامعہ کراچی: بی اے،بی کام پرائیوٹ کے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی اے،بی کام پرائیوٹ، بی اوایل اور امپرومنٹ آف ڈویژن برائے بی اے،بی کام اور بی ایس سی کے لئے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 07 جون2021 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔طلبہ اپنے رجسٹریشن فارم 4500 روپے فیس کے ساتھ 07 جون2021 ء تک جمع کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مضمون کی تبدیلی کے لئے 1500 اور فیکلٹی کی تبدیلی کے لئے 1500 روپے فیس کے ساتھ انہی تاریخوں میں فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ طلبہ اپنی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان،بینک الفلاح اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔رجسٹریشن فارم ان ہی بینکوں سے 100 روپے کے عوض حاصل کرکے متعلقہ دستاویزات اور فیس واؤچرکے ساتھ جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر واقع ایکسٹرنل یونٹ کاؤنٹرنمبر03 پر جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسے طلبہ جو 2019 ء یا اس سے قبل انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کرچکے ہیں رجسٹریشن فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے۔
———————
جامعہ کراچی: بی کام پرائیوٹ کے امتحانی فار جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی کام پرائیوٹ سالانہ امتحانات برائے 2020 ء کے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 07 جون2021ء تک توسیع کردی گئی ہے۔ بی کام سال اول ودوئم کے امتحانی فارم 6250 روپے فیس کے ساتھ جبکہ بی کام سال اول ودوئم باہم کے امتحانی فارم10400 روپے فیس کے ساتھ جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

طلبہ اپنی امتحانی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان،بینک الفلاح اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔امتحانی فارم کو ان ہی بینکوں سے 100 روپے کے عوض حاصل کرکے متعلقہ دستاویزات اور فیس واؤچرکے ساتھ جامعہ کراچی کے سلورجوبلی گیٹ پر واقع کاؤنٹر نمبر01 پر جمع کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسے طلبہ جو 2014 ء یا اس سے قبل کی رجسٹریشن کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ 3000 روپے اضافی چارجز بھی جمع کرانے ہوں گے۔