کے الیکٹرک پاور سیکٹر میں،اپنے ملازمین کے لئے کووڈ 19ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے والی پہلی پاور یوٹیلیٹی بن گئی ہے

کراچی(کامرس رپورٹر) کے الیکٹرک پاور سیکٹر میں،اپنے ملازمین کے لئے کووڈ 19ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے والی پہلی پاور یوٹیلیٹی بن گئی ہے۔ یہ ویکسی نیشن سینٹرز حکومت سندھ کے تعاون سے دفاتر کے احاطے میں قائم کئے گئے ہیں جس میں ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔ وزارت صحت،حکومت سندھ کے سینئرافسران نے کے الیکٹرک کی لیڈرشپ کے ہمراہ،پیر کے روز فیسلیٹی کا دورہ کیا جہاں انہیں ویکسی نیشن پروگرام کی پیش رفت کے بارے میں تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیاگیا۔ تمام ضروری آلات سے لیس یہ مراکز کے الیکٹرک سرٹیفائیڈ ایلنڈر روڈ اور ناظم آباد میڈیکل فیسیلیٹیز میں قائم کیے گئے ہیں۔ ویکسین کی فراہمی اور لگانے کا کام حکومت سندھ انجام دے گی جو کہ بلا معاوضہ لگائی جائیں گی۔یوٹیلیٹی کی جانب سے اس اقدام کا مقصد اپنے عملے، بالخصوص فیلڈ ٹیمزکے عملے کاتحفظ یقینی بنانا ہے جو اہم کام سر انجام دیتی ہیں تاکہ کراچی اور اْس کے ملحقہ علاقوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ سماجی اعتبار سے ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر کے الیکٹرک اسے اپنا فرض سمجھتی ہے کہ وہ ویکسی نیشن کے حصول میں ملازمین کوسہولت فراہم کرے۔اِس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مونس علوی نے کہا:’’ہمارے ملازمین ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم اْن کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ملک میں پہلی پاور یوٹیلیٹی ہیں جس نے اپنے ملازمین کو اِن ہاؤس سروس پیش کی ہے۔ یہ وزارت صحت، حکومت سندھ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا اور ہم اْن کی شمولیت پر شکرگزار ہیں۔اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسی نیشن کے ذریعے ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنی کمیونٹیز پر بھی اِس وبا کا اثر کم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔