جب صبا قمر نے عرفان خان سے عیدی لی

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں بھارت کے لیجنڈری اداکار عرفان خان سے عیدی لینے کا قصہ سُنایا اور بتایا کہ ان کا دیا عیدی کا نوٹ آج بھی ان کے پاس ہے۔
انہوں نے واسع چوہدری کے شو میں شرکت کی جہاں اداکارہ کو ان کی 2016 کی ایک انسٹاگرام پوسٹ دکھائی گئی جس میں وہ بھارتی روپے پکڑی نظر آرہی ہیں اور ان کے ساتھ عرفان خان بھی موجود ہیں۔
پوسٹ میں صبا قمر نے یہ تو بتایا تھا کہ یہ ان کی زندگی کی بہترین عیدی ہے جو انہیں فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ پر ملی ہے۔

اب حال ہی میں اداکارہ نے اس راز کو فاش کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری زندگی کی پہلی عید گھر سے باہر گزری جب میں دہلی میں ’ہندی میڈیم‘ کی شُوٹ پر تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ’عید پر سیٹ پر میں نے عرفان خان سے کہا کہ عیدی چاہیے مجھے، جس پر انہوں نے مجھے جو نوٹ دیا وہ آج بھی میرے پاس موجود ہے۔‘
صبا قمر نے بتایا کہ عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا، ان سے بہت کچھ سیکھا۔
یاد رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر نے عرفان خان کے ہمراہ ’میتا‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں صبا قمر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ صبا قمر کی پہلی بالی ووڈ فلم تھی جس میں عرفان خان نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔