’پاور ٹاکس ٹو پاور‘مریم نواز کا سیاسی حکمت عملی کا اعلان

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز سے صحافی نے سوال کیا کہ مسلم لیگ (ن) مفاہمت کی سیاست کرے گی یا مزاحمت کی؟

ن لیگی نائب صدر نے صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر مزاحمت ہوگی تو ہی مفاہمت ہوگی، ’پاور ٹاکس ٹو پاور‘، یاد رکھیں پاور کمزور سے بات نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں آپ نے کمزوری دکھائی دشمن حملہ آور ہوگا، کوئی بھی چیز ٹرے میں رکھ کر نہیں ملتی، آپ کو اپنا حق لڑکر اور چھین کر لینا پڑتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ آج ملک میں میڈیا نمائندگان اور ججز پر حملے ہورہے ہیں، جب سچ بولنے اور سچ لکھنے پر سزا دی جائے تو دل دکھتا ہے۔

اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے حوالے سے کہا کہ وہ اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، اس لیے اب وہ میرا ہدف بھی نہیں، بار بار پی پی سے متعلق سوال میں نہ الجھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر مانتی ہے، پی ڈی ایم کی اپنی اور پارلیمنٹ کی اپنی حکمت عملی ہے، اپوزیشن اتحاد مکمل طور پر آزادانہ کردار ادا کرے گا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنی ذمے داریوں سے واقف ہیں۔
https://jang.com.pk/news/934042