شوبز میں ہمایوں سعید کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا: عائزہ خان

ڈرامہ انڈسٹری کے بعد ٹک ٹاک کی دُنیا میں قدم رکھنے والی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ عائزہ خان نے کہا ہے کہ شوبز میں اداکار ہمایوں سعید کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا ہے۔

حال ہی میں عائزہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی اسٹوری شیئر کی
عائزہ خان نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ہمایوں سعید کے ماضی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’تُم ہی تو ہو‘ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

اداکارہ نے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’شوبز انڈسٹری میں ہمایوں سعید کی جگہ کوئی اداکار نہیں لے سکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’ہمایوں سعید کو خُدا کی طرف سے اداکاری کا ٹیلنٹ ملا ہے اور وہ پیدائشی اداکار ہیں۔‘

واضح رہے کہ عائزہ خان اور ہمایوں سعید نے گزشتہ سال 2020 کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تُم ہو‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس میں ہمایوں سعید نے دانش کا مقبول ترین کردار ادا کیا تھا۔

دوسری جانب ہمایوں سعید کا ڈرامہ سیریل ’تُم ہی تو ہو‘ سال 2002 میں پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) پر نشر کیا گیا تھا جس میں اُن کے ساتھ مرینا خان اور عتیقہ اوڈھو نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائے تھے۔