دمام (ثناء بشير) رمضان المبارک۲۰۲۱ میں ریڈ امہ اور ریڈ پاکستان گلف کی جانب سے آن لائن دورہء قرآن کا انعقاد

عالمی وبا کے دور پرآشوب میں عوام الناس کی ہمت بندھانے کو ریڈ پاکستان گلف اور ریڈ امہ کی جانب سےقرآن مجید کی مختصر تفسیر پر مبنی آن لائن دورہ قرآن کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈ پاکستان کے ٹیم،ممبران، اسٹوڈنٹ ایمبیسڈرز اور دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔ ریڈ پاکستان کی جانب سے ماہ مقدس میں کتاب مقدس” قرآن مجید” کا انتخاب کیا گیا اور ایک دم توڑتی سنت پیغمبریﷺ کو زندہ کیا گیا۔اس دورہء قرآن کو استاذہ سیدہ نمیرہ محسن جو کہ صدر ریڈ پاکستان گلف، ماہر نفسیات اور قرآن و حدیث کی استاد ہیں نے کروایا۔ چئرمین ریڈ پاکستان محترم جناب فرخ دل صاحب نے شرکاء کے لیے خصوصی چئرمین سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا جو تمام شرکاء اور قرآن کی تفسیر مکمل کرنے والے خوش نصیبوں کو تار برقی کے ذریعے جاری کیے گئے۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور بہترین لائیو نشریات میں ذنیرہ زوالنون، ہمدان ذوالفقار، مریم ہادی، ندا افتخار،اور خالد سید نے اہم کردار ادا کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جو کہ ایک تعلیمی تحریک کی جانب سے دنیا کی تاریخ میں انتہائی منظم طریقے سے پیش کیا گیا۔ دعائے ختم قرآن کا اہتمام حرم مدینہ سے لائیو جمعتہ الوداع کو کیا گیا۔اس روح پرور موقع پر ہر آنکھ اشکبارتھی اور ہر دل محبت الہی سے معمور تھا۔ ریڈ پاکستان دنیا کی وہ واحد علمی تحریک ہے جو پاکستان سے اٹھی ہےاور دن رات علم کے فروغ اور کتاب سے محبت دلوں میں بسانے کے لئے کوشاں ہے۔ شرکاء وسامعین کی جانب سے اس پروگرام کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔