سندھ حکومت، تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے اسلام کوٹ میں 110 بستروں کا اسپتال تعمیر کرے گی۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیرِ صدارت تھر فاؤنڈیشن بورڈ کا زوم اجلاس۔

سندھ حکومت، تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے اسلام کوٹ میں 110 بستروں کا اسپتال تعمیر کرے گی۔

اسپتال کے لئے سندھ حکومت 500 ملین روپے فراہم کرے گی جس میں سے 250 ملین روپے تھر فاؤنڈیشن کو دیئے جاچکے ہیں۔

تھر فاؤنڈیشن بورڈ کی وزیر توانائی کو بریفنگ۔

سندھ حکومت تھر میں بجلی کے منصوبوں کا فائدہ تھر کے عوام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔

Details:26/May/2021

کراچی:وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت میں تھر فاؤنڈیشن بورڈ کا آج زوم اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ توانائی سندھ کے دفتر سے زوم پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ تھر میں بجلی کے منصوبوں کا فائدہ تھر کے عوام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے لہذا تھر میں بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو
کارپوریٹ سوشل رسپانسیبیلیٹی (CSR)کے تحت تھر میں پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی کا انتظام، اسکول، اسپتال،
ٹریننگ سینٹرز ، مقامی افراد کو معقول روزگار کی فراہمی اور دیگر رفاحی کاموں کا بھی پابند کیا جارہا ہے تاکہ علاقے کے عوام تک ترقی کے منصوبوں کا فائدہ پہنچایا جاسکے۔
وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ اسی مقصد کے لئے سندھ حکومت نے (تھر فاؤنڈیشن) تشکیل دی ہے جس کے بورڈ ارکان میں بجلی کے منصوبے لگانے والی کمپنیوں کی موثر نمائندگی موجود ہے۔
امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت خود بھی تھر کی ترقی کے لئے فنڈز فراہم کررہی ہے اور اسلام کوٹ میں تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 110 بستروں کے اسپتال کی تعمیر کے منصوبے میں سندھ حکومت 500 ملین روپے فراہم کرے گی جس میں سے 250 ملین روپے تھر فاؤنڈیشن کو دیئے جاچکے ہیں تاکہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ اسپتال جلد از جلد فعال ہوسکے۔
اس موقع پر تھر فاؤنڈیشن بورڈ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کووڈ کی وجہ سے اسپتال کی تعمیر میں رکاوٹ رہی تاہم اگلے مہینے سے تعمیراتی کام تیزی سے شروع کردیا جائے گا اور اسپتال کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال کیا جائے گا۔