عوامی نیشنل پارٹی کی سابق رہنما بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں


عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر اور خان عبدالولی خان کی شریک حیات (بیوہ) بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئی ہیں۔
خاندانی ذرائع اور اے این پی کے رہنماؤں نے بیگم نسیم ولی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی نماز جنازہ شام چھ بجے ولی باغ چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔
خیبر پختوانخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے بیگم نسیم ولی کے انتقال پر اے این پی قیادت سے تعزیت کی ہے۔

بیگم نسیم ولی سنہ 1933 میں پیدا ہوئیں جبکہ سنہ 1954 میں عبدالولی خان سے ان کی شادی ہوئی تھی۔
وہ سنہ 1977 میں بننے والے پاکستان نیشنل الائنس (پی این اے) کی اہم رہنما بھی رہیں اور اسی دوران پہلی بار خیبرپختونوا (اس وقت این ڈبلیو ایف پی) اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔
نسیم ولی خان کے انتقال پر سوشل میڈیا پر صارفین اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیرین رحمان نے لکھا کہ بیگم نسیم ولی خان کے انتقال کا سن کر شدید افسوس ہوا۔ وہ کے پی اسمبلی میں جنرل نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

صارفین بیگم نسیم ولی خان کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین بھی پیش کرتے نظر آئے۔ اسی حوالے سے صارف ثنا توحید لکھتی ہیں کہ ’ایک عہد تمام ہوا، مضبوط اعصاب کی مالک خاتون، مزاحمت کی علامت، ریسٹ اِن پیس۔‘
ٹوئٹر صارف حامد سرفراز نے بیگم نسیم ولی کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ تاریخ کا ایک اور باب بند ہوا۔
عبدالجبار ابڑو نے لکھا کہ وہ ایک عظیم اور بہادر خاتون تھیں جنہوں نے نظرانداز کیے گئے صوبوں اور شہریوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام کیا۔
https://www.urdunews.com/node/565916