پاکستان میں تاخیر سے عید کا چاند اناؤنس ہونے کا واقعہ نیا نہیں ہے ایوب دور میں سحری کرنے والوں کو روزہ توڑ کر عید کروائی گئی تھی

پاکستان میں تاخیر سے عید کا چاند اناؤنس ہونے کا واقعہ نیا نہیں ہے ایوب دور میں سحری کرنے والوں کو روزہ توڑ کر عید کروائی گئی تھی۔اس دور میں عجیب صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور ایک صاحب کا بتانا ہے کہ ان کا ڈرائیور پٹھان تھا جب اسے بتایا گیا کہ روزہ ختم اور عید شروع ہوگئی ہے تو اس نے کہا ٹھیک ہے ہم نماز پڑھنے جائے گا لیکن آج علاقہ غیر میں عید نہیں ہے اس لیے عید اپنے علاقے کی مناسبت سے ہی مناؤں گا ۔

اور آج عمران خان کے دور میں بھی عجیب صورتحال ہوئی ہے کہ رات گئے عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا اور حکومت کے اپنے وزراء خاص طور پر فواد چودھری اس اعلان سے مطمئن نہیں جبکہ مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ عید تو منا لیں لیکن روزہ قضاء ہوگا ۔
اسلام آباد اور بعض علاقوں میں یہ اعلانات کیے گئے ہیں کہ حکومت کو ایک روزے کا کفارہ ادا کرنا ہو گا ۔
زیادہ مشکل اور پیچیدہ صورت حال ان کے لئے ہے جو اعتکاف میں بیٹھے ہوئے تھے عید کا چاند نظر آنے کے بعد وہاں اعتکاف سے اٹھنے ہی عید منا چکے ہیں اب اگر ایک روزے کا کفارہ ادا کرنا ہے تو کیا وہ ایک دن کے لیے مزید اعتکاف کر سکیں گے ؟

ایوب خان کے دور میں بھی ایک عید جمعہ کو پڑ رہی تھی، تو ایک دن قبل جبری عید کا اعلان کیا گیا۔ اس پر دلاور فگار نے یہ شاہکار نظم لکھی۔

نظم: ایوب خان کی جبری عید
٭
ریڈیو نے 10 بجے شب کے خبر دی عید کی
عالموں نے رات بھر اِس نیوز کی تردید کی

ریڈیو کہتا تھا سن لو کل ہماری عید ہے
اور عالم کہتے تھے یہ غیر شرعی عید ہے

دو دھڑوں میں بٹ گئے تھے ملک کے سارے عوام
اِک طرف سب مقتدی تھے، اِک طرف سارے امام

بیٹا کہتا تھا کہ کل شیطان روزہ رکھے گا
باپ بولا: “تیرا ابا جان روزہ رکھے گا”

بیٹا کہتا تھا کہ میں سرکاری افسر ہوں جناب
روزہ رکھوں گا تو مجھ سے مانگا جائے گا جواب

باپ یہ کہتا تھا پھر یوں بام پر ایماں کے چڑھ
روزہ بھی رکھ اور روزے میں نمازِ عید پڑھ

آج کتنا فرق فل اسٹاپ اور کامے میں تھا
باپ کا روزہ تھا بیٹا عید کے جامے میں تھا

اختلاف اِس بات پر بھی قوم میں پایا گیا
چاند خود نکلا تھا یا جبراً نکلوایا گیا
٭٭٭
دلاور فگار
———————–
ایک دن پہلے عید کیوں منائی؟؟
مفتی منیب الرحمان نے بڑا فیصلہ سنا دیا! !!!

—————–
صدر مملکت عارف علوی نے عید الفطر کےموقع پر قوم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئےضرورت مندوں اور محتاجوں کو خوشیوں میں شریک کرنے کی اپیل کی ہے۔

صدر مملکت کے ٹوئٹر ہینڈل سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔

پیغام میں کہا گیا کہ مصافحہ، معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔

صدر مملکت نےکورونا کے سبب معاشی تنگ دستی کےشکار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی بھی اپیل کی۔

صدر مملکت کی جانب سے کہا گیا کہ دعائیں کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ فرما دے۔
————————-

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے پوری دنیا کے مسلمانوں خاص طور پر پاکستان کی عوام کو عید مبارک

* آج ھم دوسری عید کو کورونا کی وبا کے ساتھ منا رہے ہیں، سید مراد علی شاہ

* وزیراعلی سندھ کی کوویڈ کے مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا

* وزیراعلی سندھ کی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین جو عید کے دن ڈیوٹی ادا کر رہے ہیں

* آج ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد کرنا چاہیے جو کرفیو کی حالت میں عید منا رہے ہیں، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ

* آج ہمیں فلسطین کے بھائیوں کو بہی یاد کرنا چاہے جو اسرائیل کے مظالم کی وجہ سے بےگھر ہوکر عید منا رہے ہیں، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ

عبدالرشید چنا
ترجمان وزیراعلی سندھ
———————-
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عید نماز سی ایم ہائوس میں ادا کی

* وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نماز عید ایس او پیز کے ساتھ ادا کی، ترجمان وزیراعلی سندھ
——————
تمام امت مسلمہ کو عید مبارک فلسطینوں کو ضرور دعائوں میں یاد رکھیں
—————-
امریکا اور کینیڈا میں تمام مسلمان متفقہ طور پر آج عید منا رہے ہیں۔

تمام اہلِ سنت تنظیموں نے 30 روزے مکمل کر کے آج 13 مئی جمعرات کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔
اہلِ تشیع تنظیموں نے 29 روزے مکمل کر کے آج (جمعرات کو) عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا اور کینیڈا میں ایک ہی دن متفقہ عید الفطر منانے پر مسلمان کمیونٹی میں اطمینان پایا جاتا ہے۔
مسلم تنظیموں کی جانب سے اس موقع پر مسلمانوں سے کورونا وائرس کے ضوابط کی پابندی کے لیے اپیل کی گئی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں بھی جمعرات کی عیدالفطر کی تعطیل دی گئی ہے۔
———————–
کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر حکومت کی لوگوں کو ماسک پہن کر مسجد آنے اور سماجی فاصلہ رکھ کر نماز ادا کرنے کی ہدایات پر عمل نہ ہونے کے برابر ہے۔

اجتماعات میں بچے اور معمر افراد بھی آئے، لوگ گلے مل کرمبارک باد دیتےرہے۔

مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کی صورتحال

کراچی:

کراچی کےمختلف مقامات پر نماز عید کےا جتماعات جاری ہیں، گرومندر پر سبیل والی مسجد میں نماز عید ادا کی گئی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم زیادہ تر نمازیوں نے ماسک پہنے ہوئے تھے۔

لاہور:

لاہور کی جامع مسجد باغ جناح میں نماز عیدالفطر ادا کردی گئی۔مینار پاکستان گراونڈ میں بھی نماز عیدالفطر ادا کی گئی۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر نے نماز پڑھائی۔

لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں بھی نماز عید کااجتماع ہوا، مفتی راغب نعیمی نے نماز پڑھائی۔

منصورہ میں بھی نماز عید الفطر کا اجتماع ہوا ،جہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نماز پڑھائی۔

مختلف مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے موقع پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔

لاہور : جامعه مسجد بحریہ ٹاؤن میں نماز عید کی ادائیگی کردی گئی، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے نماز عید کی امامت کی۔

نماز عيد كے اجتماع میں مظلوم كشميريوں اور فلسطينيوں کیلئے خصوصى دعا کی گئی۔

لاہور : پاکستان سمیت کل عالم کیلئے كورونا كى وبا سےنجات كى بھی دعا کروائی گئی

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عید الفطر کی نماز ماڈل ٹاؤن میں ادا کی، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔

نماز کے بعد ملکی سلامتی, کشمیر، فلسطین اور مسلم امہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کوئٹہ:

کوئٹہ میں عیدگاہوں، جامع مساجد عیدالفطر کے اجتماعات کی سیکیورٹی اورکورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کے لیے انتظامات کیے گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق شہرمیں 493 مقامات پر نمازعید کےاجتماعات ہوں گے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ طوغی روڈ پر ہوگا۔

راولپنڈی:

راولپنڈی کی لیاقت باغ میں نماز عید الفطر ادا کردی گئی، نماز عید الفطر کی امامت مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن مولانا اشرف نے پڑھائی۔

بہاول پور:

ضلع بھرمیں 414 عیدگاہوں، مساجد، عیدگاہوں میں اجتماعات ہوئے، اس موقع پر سیکیورٹی کےلیے15 سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

نوشہرہ:مرکزی عید گاہ ماناخیل سمیت درجنوں عیدگاہوں اورمساجد میں نمازعید ادا کردی گئی۔نمازیوں کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔

فیصل آباد:

ضلع بھر میں 1070 مقامات پرنماز عیدالفطر کے اجتماعات ہوں گے، اس موقع پر سیکورٹی کےلیے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
—————-
تعطیلات خوشیوں کا وقت ہوتی ہیں!
آپ اور آپ کے اہل خانہ کو کراچی میں جرمن قونصل جنرل  اور انکے ساتھیوں کی جانب سے نیک خواہشات اور دلی #عید الفطر کی مبارک ہو! اور پینٹکوسٹ بھی آنے والا ہے۔
صحت، خوشی اور امن آپ کے ساتھ رہیں! #عید_مبارک
——–