سرینا عیسیٰ کو لندن جائیدادوں کی منی ٹریل دینا ہوگی، انور منصور

سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو اپنی لندن میں موجود ان تین جائیدادوں کی منی ٹریل دینا ہوگی جو انہوں نے انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کی ہیں، اگر وہ یہ ثابت نہیں کرسکیں تو ان کیلئے آگے چل کر مسائل پیدا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کویت میں جیوے پاکستان ڈاٹ کام کے بیورو چیف اور پروگرام خلیج ٹائم کے میزبان طارق اقبال کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا دوران پروگرام انہوں نے بہت سے انکشافات کیے ۔پروگرام میں جیوے پاکستان ڈاٹ کام کے ایڈیٹر اور سینئر صحافی سالک مجید نے بھی ادارے خیال کیا ۔انور منصور خان کا وزیر کہنا تھا کہ کہ یہ بھی تسلیم شدہ بات ہے کہ 2013ء تک ان کے پاس یہ اثاثے نہیں تھے اور 2013ء میں انہوں نے اپنی زرعی جائیدادیں بھی ظاہر نہیں کیں۔

2013ء تک ایک گھر کے سوا ان کے پاس کوئی جائیداد نہیں تھی اب تین زرعی جائیدادیں سامنے آئی ہیں انہیں یہ بات ثابت کرنا پڑے گی کہ یہ جائیدادیں کہاں سے آئیں۔

انور منصور خان نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں میں سرینا عیسیٰ نے لندن میں اپنی تین جائیدادیں ظاہر کیں جن کیلئے انہیں یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ ان جائیدادوں کیلئے رقم کہاں سے آئی اگر وہ یہ ثابت نہیں کرسکتیں تو ان کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت ٹیکس آفیسر کو ٹیکس گوشواروںکا جائزہ لینے کا اختیار ہے اگر ٹیکس آفیسر نے ان کا جائزہ لیا تو یہ تمام سوالات پیدا ہوں گے اور اگر وہ ان تمام سوالات کا جواب نہیں دیتیں تو ایک بڑا مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔