انگریزوں کے زمانے سے بنے ہوئے کنوؤں میں پانی موجود ہے ویل نمبر 7، 8، 9, اور 10 کو فعال کر کے کھوکرا پار اور آس پاس کے علاقوں کو پانی فراہم کیا جا سکتا ہے

کراچی (6 مئی): چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت کراچی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، صوبائی وزیر تعلیم و صدر کراچی ڈویژن سعید غنی، صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و جنرل سیکرٹری پی پی پی سندھ وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، ایم این ایز قادر پٹیل، شاہدہ رحمانی، ناز بلوچ، جام کریم جوکھیو، ایم پی ایز سلیم بلوچ، ساجد جوکھیو، شاہینہ شیر علی، شازیہ کریم سنگھار، شمیم ممتاز، اینتھونی نوید، سابق میمبر قومی اسمبلی عبد الحکیم بلوچ ، کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں اور عہدیداران نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کی اور پانی، سڑکوں کی مرمت ، نکاسی آب ، قبرستانوں پر قبضوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات کے فقدان اور اسکولوں میں عملے کی کمی کی نشاندہی کی۔ایم این اے قادر پٹیل نے کہا کہ ضلع کیماڑی میں دو بوائز ڈگری کالج قائم کئے جائیں اور ایک بوائز ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے۔ جبکہ پانی کا درینہ مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نان فنکشنل آر او پلانٹس کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ ایم این اے شاہدہ رحمانی ، ناز بلوچ اور لیاقت آسکانی نے کہا کہ ضلع غربی میں پانی کا شدید بحران ہے ، پانی کے مسائل پر توجہ دی جائے اور ضلع میں میڈیکل یونیورسٹی یا کالج کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ملیر کے نمائندوں نے کہا کہ ملیر میں چلنے والے تین ہائیڈرنٹس کو 18 گھنٹے کے بجائے 10 گھنٹے چلانے کا پابند بنایا جائے۔ ساجد جوکھیو نے تجویز دی کہ انگریزوں کے زمانے سے بنے ہوئے کنوؤں میں پانی موجود ہے ویل نمبر 7، 8، 9, اور 10 کو فعال کر کے کھوکرا پار اور آس پاس کے علاقوں کو پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی منتخب نمائندوں اور عہدیداران نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح کراچی میں بھی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور کراچی شہر کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں میں ان کی تجاویز شامل کی جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر کراچی کے منتخب نمائندوں اور عہدیداران سے اجلاس منعقد کیا ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ہدایات دی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں اور عہدیداران کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں مکمل کئے جائیں گے اور نئیں ترقیاتی منصوبوں میں ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا اور فالو اپ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جلد چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سے کراچی کے تمام اضلاع کے نمائندوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا ہے ، کراچی کے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

ہینڈ آؤٹ نمبر۔۔۔۔۔ایف ایچ بی