این ای ڈی کو یادگاری سکوں کی نہیں مالیاتی استحکام کی ضرورت ہے:پاسبان

این ای ڈی یونیورسٹی ہمارا قومی فخر اور تاریخی ورثہ ہے:اقبال ہاشمی
حکومت ادارے کے مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اوقاف فنڈ مہیا کرے
این ای ڈی غریب والدین کے لئے ہمیشہ سے امید کی کرن رہی ہے
حکومت صد سالہ تقریبات بین الاقوامی سطح پر منائے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو

کراچی( ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر وفاقی حکومت کی جانب سے یادگاری سکے کا اجراء مستحسن اقدام ہے لیکن این ای ڈی یونیورسٹی کو سکوں کی نہیں مالیاتی استحکام کی ضرورت ہے۔این ای ڈی یونیورسٹی ہمارا قومی فخر اور تاریخی ورثہ ہے۔ نجی یونیورسٹیاں مہنگی تعلیم دیتی ہیں جو کہ معاشرے کا صرف پانچ فیصد طبقہ ہی حاصل کر سکتا ہے ایسے میں این ای ڈی یونیورسٹی غریبوں کے لئے چراغ راہ ہے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے اساتذہ کا پڑھانے کا معیار بین الاقوامی درجے کا ہے۔ صد سالہ تقریبات کے موقع پر ان اساتذہ کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے۔ حکومت اس ادارے کے مالی استحکام کو یقینی بنائے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات حکومت بین الاقوامی سطح پر منائے تاکہ پاکستان کا امیج دنیا میں بہتر ہو۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں این ای ڈی یونیورسٹی کے سو سال مکمل ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر، این ای ڈی کے سابق طالبعلم اور موجودہ استاد انجینئر اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ این ای ڈی غریب والدین کے لئے ہمیشہ سے امید کی کرن رہی ہے کیونکہ یہاں غریب ترین بچے بھی انتہائی کم فیس پر تعلیم حاصل کرتے آئے ہیں۔ اس انجینئرنگ یونیورسٹی میں بارہ ہزار طلبا پڑھتے ہیں۔این ای ڈی یونیورسٹی کی((alumni یعنی طالبعلم پوری دنیا میں موجود ہیں اور پاکستان میں دو ارب سے زیادہ ماہانہ غیر ملکی ترسیلات (foreign remittances)میں ان انجینئرز کا اہم ترین کردار رہا ہے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی اور اس کی انتظامیہ اپنی بھرپور کاوشوں کے ذریعے تعلیم کے معیار کو مسلسل بہتر کر رہے ہیں۔ ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ این ای ڈی کے زیادہ تر اساتذہ ایسے ہیں جو یہیں جوان ہوئے اور بین الاقوامی مواقع دستیاب ہونے کے باوجود انہوں نے ساری زندگی پاکستان میں رہہ کر یہیں کے بچوں کو پڑھانے میں گزار دی۔ پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ حکومت اعلی ترین سطح پر ان کی کاوشوں کا اعتراف کرے۔ جامعہ این ای ڈی کو مناسب اوقاف فنڈ((endowment fund مہیا کرے تاکہ آنے والے وقتوں میں علم کے فروغ کا یہ ادارہ اپنے پاؤں پرباعزت طریقے سے کھڑارہے#