صوبہ بھر میں سحر وافطار پوائنٹس کی چیکنگ کیلئے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں۔۔

6 ہزار 382 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،قوانین کی خلاف ورزیوں پر 6 کی پروڈکشن بند، 2 کے خلاف مقدمہ درج
ناقص انتظامات پر 858 سحر اور افطارفوڈ پوائنٹس کوجرمانے عائد، 4880 کو اصلاحی نوٹسزجاری
پنجاب بھر میں فوڈاتھارٹی عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ڈی جی فوڈاتھارٹی
لاہور 3 مئی:ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پرصوبہ بھر میں سحر وافطار پوائنٹس کی چیکنگ کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں 6 ہزار 382 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر 6 پوائنٹس کی پروڈکشن بند جبکہ 2 کے خلاف مقدمات درج کروادیے۔لاہور زون میں 2398 پوائنٹس، راولپنڈی2112، جنوبی پنجاب میں 1872 پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔فوڈسیفٹی ٹیموں نے ناقص انتظامات پر 858 سحر و افطارفوڈ پوائنٹس کوجرمانے عائدجبکہ معمولی نقائص پر 4 ہزار 880 فوڈپوائنٹس کو اصلاحی نوٹسزجاری کرتے ہوئے 716 کے لائسنس اپلائی کروائے گئے۔مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران9 ہزار850 لٹر مشروبات،1050لٹر ناقص دودھ اور دیگر اشیاء تلف کردی گئیں۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہناتھا کہ سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ناقص اجزاء کے استعمال،گندے اور بدبودار ماحول کی بناء پر جرمانے عائد کیے۔علاوہ ازیں باسی سالن،گندے زنگ آلود برتنوں اور کھلے مصالحہ جات کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔رفاقت علی نسوآنہ نے واضح کیاکہ ماہ مبارک میں ناقص اور غیر معیاری اشیاء خورونوش فروخت کرنیوالے سخت سزاؤں کے حقدار ہیں۔فوڈ سیفٹی ٹیمیں سحر وافطار کے اوقات میں بھی اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے فیلڈ میں موجود رہتی ہیں۔پنجاب فوڈاتھارٹی عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭