اس وقت سیاسی پختگی کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی قد تمام سیاستدانوں سے بڑا ہے۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ اس وقت سیاسی پختگی کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی قد تمام سیاستدانوں سے بڑا ہے۔ ہم پر سلیکٹرز کے ذریعے حلقہ این اے 249 کا الیکشن جیتنے کا الزام لگانے والے بتائیں کہ کیا ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرو کے انتخابات انہوں نے سلیکٹرز کے کاندھوں پر جیتا ہے۔ انتخابات سے 10 روز پہلے ہی سابق گورنر اور مسلم لیگی رہنماء محمد زبیر کو بتا چکا تھا کہ آپ کا امیدوار ایک نااہل امیدوار ہے اور ہم آپ سے تو یہ الیکشن جیت گئے ہیں اب ہمارا اصل مقابلہ ٹی ایل پی سے ہے۔ آصف علی زرداری، ادی فریال اور دیگر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو عدالتیں ضمانت دیں تو ہم پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ کوئی ڈیل کی ہے اور اگر شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل سے نکال کر انہیں نواز شریف سے جاکر ملاقات کے لیئے راستہ ملے تو اسے کیا کہا جائے۔ اپوزیشن جماعتوں میں شامل نون لیگ اور دوسری جماعتیں خود عمران نیازی کو ہٹانا نہیں چاہیتی اور بوزدار کو گرانا نہیں چاہتے اور الزام ڈیل کا ہم پر لگایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، حلقہ این اے 249 کے کامیاب امیدوار قادر مندوخیل، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر لیاقت آسکانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ دو سے تین روز سے مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت پیپلز پارٹی پر بھونڈے اور بے بنیاد الزامات لگانے میں مصروف ہے اس لئے ہم نے بہتر سمجھا کہ ان کو ان کا اصلی چہرہ پریس کانفرنس میں دکھایا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ میں خود شاہد خاقان عباسی کا ذاتی طور پر بہت احترام اپنے دل میں رکھتا تھا لیکن جس طرح انہوں نے گذشتہ دنوں میں باتیں کی ہیں، ان سے ان کا امیج خراب ہوا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ حلقہ این اے 249 کے انتخابات کے آغاز سے پولنگ کے اختتام اور اس کے بعد ووٹوں کی گنتی کے عمل تک کسی ایک پارٹی کی جانب سے کوئی دھاندلی کی شکایات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خود شاہد خاقان عباسی، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل رات 10 بجے آر او آفس پہنچ گئے تھے اور تمام نتائج الیکشن کمیشن کے مطابق رات 11 بجے تک پریذائڈنگ آفیسرز نے پہنچا دئیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی پر کوئی اعتراض ہوتا ہے تو اس کے شواہد بھی دئیے جاتے ہیں۔ اگر مسلم لیگ (ن) کو کسی بات پر اعتراض ہے تو وہ شواہد بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار کے بعد جس طرح ہم پر سلیکٹرز کی پشت پناہی کا الزام عائد کرنے والوں سے ہم پوچھتے ہیں کہ کیا ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرو میں جو انتخابات ان لوگوں کے جیتے اس کی پشت پر سلیکٹرز تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ میں نے ایک ماہ قبل ہی مسلم لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو جن سے میری اکثر فون پر بات ہوتی ہے بتا دیا تھا کہ مفتاح اسماعیل اچھے امیدوار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود محمد زبیر نے کوووڈ کے دوران الیکشن نہ کروانے کا کہا اور جب سندھ حکومت کے محکمہ صحت نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے خط لکھا تو مفتاح اسماعیل نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی ہار کے خوف سے بھاگ رہی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے یہ الیکشن ایک مکمل اسٹریجی سے لڑا تھا اور اس لئے ہمیں امید تھی کہ ہم یہ الیکشن جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 276 پولنگ اسٹیشنوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پولنگ اسٹیشن کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ ہم نے یو سی اور وارڈ کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں۔ گذشتہ 6 سے 8 ماہ سے ہم نے یہاں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سے رابطے کئے اور پی ٹی آئی، نون لیگ، جے یو آئی سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں کارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا تو ہمیں امید تھی کہ ہمیں 25 ہزار سے بھی زائد ووٹ مل جاتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا قد ضرور سات فٹ ہے لیکن اس ملک میں اگر کسی کا سیاسی پختگی سے قد کاٹ دیکھا جائے تو اس وقت پورے ملک کے سیاستدانوں میں بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی قد سب سے بڑا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 249 میں مسلم لیگ نون کی شکست کی سب سے بڑی وجہ ان کی نااہلی، مس مینجمنٹ اور حد سے زیادہ خود اعتمادی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس حلقہ کے الیکشن کو سنجیدہ لیا اور اس کی بھرپور تیاری کی اور یہی اس کی فتح کا نتیجہ رہی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگانے والوں کو صرف اتنا ہی کہوں گا کہ سعید غنی تمھاری طرح چول نہیں ہے، وہ الیکشن کے طریقہ کار کو جانتا ہے اور ہم پوری تیاری سے الیکشن کے اس میدان میں اترے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خود ہمارے لوگوں کی بنائی گئی میری تصاویر کو وائرل کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ میں ووٹوں کی گنتی یا فارم 45 میں کسی قسم کی کوئی گڑ بڑ کررہا ہوں، تو ان عقل کے اندھوں کو صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ بھائی جس جگہ کی تصویر کو وہ وائرل کررہے ہیں وہ خود ہماری اپنی پارٹی کی بنائی ہوئی تصویر ہے اور جس جگہ بیٹھ کر ہم تمام نتائج کو جمع کررہے تھے وہاں کی ہے اور فارم 45 وہ ہیں جو ہمارے پولنگ ایجنٹس ہمیں لاکر دے رہیں ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ دھاندلی دھاندلی کا راگ الاپنے والے شاہد خاقان عباسی صاحب کسی ایک پولنگ اسٹیشن کا نمبر تو بتائیں کہ جہاں دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات 12 بجے کے بعد ہار کا خوف ان کے سروں پر ایسا منڈلایا کہ انہیں اب الیکشن دھاندلی یا پھر ہماری سلیکٹرز سے سازباز لگ رہی ہے۔ ایک اور سوال پر سعید غنی نے کہا کہ فافل کی رپورٹ میں نے پڑھی ہے اور اس میں ضرور کچھ بے قاعدگیوں کا ذکر ہوا ہے اور کچھ کوووڈ کی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے سمیت کچھ اور کی نشاندہی کی گئی ہے، لیکن اس پوری رپورٹ میں کسی ایک جگہ بھی کسی ایک پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی یا جعلی ووٹ یا کسی بھی سیاسی جماعت کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالے جانے سمیت کی کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک پولنگ ایجنٹ کو رینجرز کی جانب سے روک کر اس کی ویڈیو وائرل کی گئی کہ یہ اپنے ساتھ چند سو روپے لے جارہا ہے تو بھائی ان عقل کے اندھوں کو کوئی بتائے کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق اگر ہمارا پولنگ ایجنٹ اگر کسی ووٹ کو چیلنج کرنا چاہے تو اس کی فیس ہوتی ہے اور وہ ان پولنگ ایجنٹ کو فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 800 پولنگ ایجنٹس تھے اور سب کی فائلوں میں چند سو سو کے نوٹ کے لفافے موجود تھے۔ کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر پریذائڈنگ افسران کی جانب سے تاخیر سے نتائج دئیے جانے کے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ یہ سوال الیکشن کمیشن کا بنتا ہے۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، حلقہ این اے 249 سے کامیاب امیدوار قادر خان مندوخیل، لیاقت آسکانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجودہیں۔

جاری کردہ: زبیر میمن، میڈیا کنسلٹینٹ، وزیر تعلیم و محنت سندھ، سعید غنی، فون 03333788079