پی ایس او کی پارکو اور پیپکو کے ساتھ شراکت داری۔ ایک نیا سنگِ میل

یکم مئی2021:پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پا ک عرب ریفائنری لمیٹڈ(پارکو) اور پاک عرب پائپ لائن کمپنی (پیپکو) کے ساتھ اہم حکمتِ عملی پر مبنی کئی مفاہمتی یادداشتوں (میمورنڈم آف انڈر اسٹینڈنگز)پر دستخط کئے، جن کا مقصد ملک کی پٹرولیم پروڈکٹس سپلائی چین کو محفوظ تراور فیولز کی باکفایت اور ماحول دوست ترسیل کوممکن بنا نا ہے۔

یہ ادارے باہم مل کر کیماڑی اور پورٹ قاسم کی بندرگاہوں کے درمیان ایک 20کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیرکریں گے جس کی مدد سے موٹر گیسولین اور ہائی اسپیڈٖ ڈیزل کی ترسیل ممکن بنائی جائے گی۔اس پائپ لائن کو کیماڑی کورنگی لنک پائپ لائن 2 کا نام دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ مستحکم اور ماحول دوست اقدامات میں ایک سنگ ِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو ماحول پر مضر صحت دھوئیں کے اخراج میں نمایاں کمی، انتہائی حساس پٹرولیم پروڈکٹس کی محفوظ اور یقینی ترسیل اور کراچی اور دیگر شہروں میں ٹریفک کے ہجوم میں کمی کا باعث ہوگا۔

پی ایس او اور پارکو نے اس امر پر بھی اتفاقِ رائے کیا کہ حب ٹرمینل پر سنگل پوائنٹ مورنگ (SPM) سسٹم کے آپشن پر بھی کام کیا جائے جو VLCCs کے ذریعے درآمدات کو ممکن بنا ئے گا۔ مفاہمتی یادداشتوں پر مینجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او پی ایس او،جناب سید محمد طہ ٰ، مینجنگ ڈائریکٹر، پارکو،جناب شاہد محمود خان اور چیف ایگزیکٹیو،پیپکو،جناب عامر احمد نے دستخط کئے۔ پی ایس او کے سینئر افسران بشمول چیف کمرشل آفیسر جناب شہر یار عمر، جنرل منیجر انفرا سٹرکچر پروجیکٹس اور مینٹینس جناب حماد ظفراور جنرل مینجر سپلائی جناب اسد آر فیض بھی تقریب میں موجود تھے۔

یہ شراکت دار ی مشترکہ قومی ایجنڈے میں ہم آہنگی پیدا کرنے اوران قومی اداروں کے باہمی کاروباری تعلقات میں استحکام کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی میں اضافے کا باعث بنے گی۔