شہرکراچی کنکریٹ کے جنگل کا منظر پیش کررہاہے اور کنکریٹ کے اس جنگل کو سرسبزوشاداب شہر میں تبدیل کرنے کے لئے ترجیجی بنیادوں پر شجرکاری ناگزیر ہوگئی ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ شہرکراچی کنکریٹ کے جنگل کا منظر پیش کررہاہے اور کنکریٹ کے اس جنگل کو سرسبزوشاداب شہرمیں تبدیل کرنے کے لئے ترجیجی بنیادوں پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری ناگزیر ہوگئی ہے۔ہمیں اپنے بہترکل کے لئے آج محنت کرنی ہوگی اسی صورت ہم مستقبل میں ایک سرسبزوشاداب شہر کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔جامعہ کراچی میں باقاعد گی کے ساتھ نہ صرف شجرکاری مہم کا اہتمام کیاجاتاہے بلکہ لگائے جانے والے پودوں کی پوری طرح سے دیکھ بھال اور حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے جس کا منہ بولتا ثبوت جامعہ کراچی کا سرسبز کیمپس ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور دعافاؤنڈیشن کے اشتراک سے پروفیسرڈاکٹر سید ارتفاق علی بوٹیکنیکل گارڈن اینڈ ہربیریم جامعہ کراچی میں منعقدہ تیسری پلانٹیشن ڈرائیو2021 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شجرکاری مہم کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے پودالگاکر کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہاکہ شجرکاری کو فروغ دینے کے لئے دعافاؤنڈیشن کا کردار لائق تحسین ہے،دعافاؤنڈیشن جامعہ کراچی کو بھی تواتر کے ساتھ پودے فراہم کررہی ہے اورآج بھی 15 سے زائد اقسام کے مختلف پھلوں کے پودے جامعہ کراچی کو فراہم کئے گئے ہیں۔

اس موقع پرڈائریکٹر بوٹینیکل گارڈن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انجم پروین نے بوٹیکنیکل گارڈن جامعہ کراچی میں ہونے والی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور گارڈن میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے پودوں اور گارڈن کے رقبے کے حوالے سے شرکاء کو آگا کیا۔

دعافاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا کہ وفاقی حکومت مستقل مزاجی سے ملک بھر میں شجرکاری کو فروغ دے رہی ہے جوکہ نہایت خوش آئند قدم ہے۔صوبہ سندھ بھی شجرکاری کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے اور ان اقدامات کے مثبت اور دوررس نتائج آنے کی امید ہے۔اگر حکومتی سطح پر یہ کوششیں جاری رہیں اور انفرادی اور اجتماعی طور پر غیر سرکاری تنظیموں اور عوام نے بھی اس سلسلے میں اپنا کردار اداکیا تو امید ہے کہ ملک بھر میں درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی دیکھنے کو ملے گی۔

شجرکاری کرنے کے ساتھ ساتھ لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی ضروری ہے جس کے لئے آگاہی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔پاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے ضروری ہے نوجوان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور آگاہی کو فروغ دیں۔