رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے, امتیاز شیخ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت کے الیکٹرک افسران کے ساتھ اجلاس
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی،وزیر محنت غلام مرتضیٰ بلوچ،اراکین سندھ اسمبلی، عوامی نمائندوں اور سی ایس او کے الیکٹرک مونس علوی کی شرکت
ملیر اور بلدیہ میں بجلی کے مسائل کے حل کے لئے کے الیکٹرک افسران اور متعلقہ علاقوں کے نمائندے اگلے ہفتے اپنے علاقوں میں میٹنگ کریں گے
اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں۔امتیاز شیخ
بجلی کے میٹروں کی تنصیب میں عوامی نمائندے کے الیکٹرک کی معاونت کریں گے،اجلاس میں اتفاق
کراچی-  وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے،لوڈ کے مسائل کے حل کے لئے پرانی پی ایم ٹی کی جگہ نئی پی ایم ٹی لگائی جائیں،اوور بلنگ کی شکایات کو دور کیاجائے۔جہاں بجلی سپلائی جارہی ہے اور میٹر نہیں ہیں ان جگہوں پر میٹر لگائے جائیں اور ایسی جگہوں پر میٹر لگوانے میں عوامی نمائندے مدد کریں تاکہ جو لوگ باقاعدگی سے بل جمع کرارہے ہیں انہیں لوڈ شیڈنگ کی تکلیف سے بچایا جاسکے۔یہ ہدایات وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے آج محکمہ توانائی کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی،وزیر محنت غلام مرتضیٰ بلوچ،ایم پی اے عبد الرزاق راجہ،لیاقت علی اسکانی،محمد سلیم،کے علاوہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے الیکٹرک مونس علوی، کے الیکٹرک کے افسران اسمر نعیم،سعدیہ دادا،حیدرعلی ،آصف جمیل،کے علاوہ سیکریٹری توانائی سندھ مصدق احمد خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔


اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ،اوور بلنگ،پرانی پی ایم ٹی کی تبدیلی ،ضرورت کے مطابق میٹروں کی تنصیب اور کے الیکٹرک سے متعلق دیگر مسائل پیش کئے جس پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے آئندہ پیر کو ملیر اور منگل کو بلدیہ کے علاقوں میں موجود کے الیکٹرک کے دفاتر میں عوامی نمائندوں اور کے الیکٹرک کے متعلقہ افسران کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے مسائل کی نشاندہی پر ان کے حل کے لئے تیز تر اقدامات کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور کے الیکٹرک افسران کی ان کے متعلقہ علاقوں میں ہونے والی میٹنگز میں ہونے والے فیصلوں پر موثر عمل درآمد کے لئے ان کا دفتر ہرممکن معاونت کرے گا۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں اور کے الیکٹرک افسران کے مابین مسلسل روابط کے زریعے بجلی کے عوامی مسائل کے حل کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ہدایات دی گئیں کے رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے بلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں