سیوریج نالہ میں اتنے بھاری ڈھانچے کی اجازت دی? ایسی عمارتوں کو مسمار کرنے کے لئے استعمال کرنے والی بھاری مشینری

گجر نالے کے اطراف قائم تجاوزات کو صاف کرنے اور نالے کے دونوں جانب سڑک کی تعمیر کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے مستقل کام جاری ہے او ر اب تک تقریباً8کلومیٹر رقبہ پر تجاوزات کا خاتمہ کر کے عارضی طور پر راستے بنا دیے گئے ہیں تاکہ بھاری مشینری کو آسانی سے گزار کر بقیہ کاموں کو مکمل کرایا جا سکے۔ گجر نالہ نیو کراچی نالہ اسٹاپ سے شروع ہو کر حاجی مرید گوٹھ لیاری ایکسپریس وے تک جاتا ہے جس کی کل لمبائی تقریباً 26کلومیٹر طویل ہے، نالے کی چوڑائی مختلف مقامات پر 95فٹ سے 100فٹ تک ہے جس میں نالے کے دونوں جانب 30,30فٹ کے روڈ بھی شامل ہیں، نالے کی تعمیر سے قبل NEDیونیورسٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کام لیتے ہوئے اس نالے کا باقاعدہ پہلے سروے کیا اور اس کے بعد اسے ماڈل نالے کے طور پر بنایا جا رہا ہے، جمعرات کی صبح میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے گجر نالہ اور اورنگی نالہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان اور دیگر بھی موجود تھے، میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید کو بتایا گیا کہ گجر نالہ، اورنگی نالہ اور محمود آباد نالے کو ماڈل نالوں کے طور پر بنایا جا رہا ہے تاکہ ان کی تعمیر کے بعد دور رس نتائج سامنے آسکیں، انہیں بتایا گیا کہ ان نالوں کے ذریعے برساتی یا کسی اور ذریعے سے آنے والا اضافی پانی گزرے گا عام دنوں میں یہ نالے خالی رہیں گے جبکہ سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لیے نالے کے دونوں اطراف تعمیر کی جانے والی سڑک کے نیچے بڑے قطر کے پائپ گزارے جا رہے ہیں تاکہ سیوریج کے پانی کی بآسانی نکاسی ہوسکے، گجر نالہ کی ازسر نو تعمیر کے دوران جن رہائشی تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے انہیں معاوضہ ادا کیا جائے گا، میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے گجر نالے پر جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جو افسران اور ذمہ د اران یہاں کام کررہے ہیں وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بھاری مشینری کے ذریعے یہاں کام اس طرح کیا جائے کہ کسی بھی مکان کو ضرورت کے علاوہ اضافی طور پر کوئی نقصان نہ پہنچے، انہوں نے ہدایت کی کہ یہاں ہونے والے سروے میں بھی اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہاں مقیم رہائشی لوگوں کے درست اعداد و شمار جمع کیے جائیں تاکہ جن کی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ان سب کو بعدازاں معاوضے کے چیک دیے جاسکیں، میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے اورنگی نالے کا بھی دورہ کیا، انہوں نے بنارس اور ولیکا کے مقام پر نالے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے وہاں موجود ضلعی انتظامیہ کے افسران اور متعلقہ ڈائریکٹرز سے بھی گفتگو کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے گزرنے والے نالے کے مقامات پر درپیش مسائل اور اب تک کیے جانے والے کاموں سے متعلق ایک مفصل رپورٹ انہیں تحریری طور پر پیش کریں۔میٹروپولیٹن کمشنر نے NDMAسے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ شہر میں ان تین ماڈل نالوں کی تعمیر کے بعد برساتی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے مسائل بہت حد تک حل ہوجائیں گے۔