حکومت سندھ کا بڑا اعلان، ناجائز منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کی شکایات درج کرنے کیلئے سیل قائم :  ڈاکٹر کھٹو مل جیون

کراچی : وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروی و زخیرہ اندوزوں کی شکایات درج کرنے کے لیے شکایاتی سیل قائم کیا گیا ہے۔ یہ سیل ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائزز کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے لوگوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا کہنا تھا کہ عوام سیل میں صبح 9 بجے سے اپنی شکایات ان نمبروں 02199244607 / 02199244608 پر درج کرسکتے ہیں جبکہ صارفین اپنی شکایات ضلعی انتظامیہ کے دفاتر میں بھی درج کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ صوبے بھر میں ناجائز منافع خوری اور زخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاو ¿ن کا اغاز کیا جاچکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسیز کے افسران بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبے میں اشیاءضرورت کی کمی نہیں, رمضان شریف کی آڑ میں ناجائز منافع کمانے نہیں دیا جائیگا۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ رمضان کے پہلے روز صوبے بھر میں 2 ہزار 7 سو سے زائد دکانوں, پھل و سبزیاں فروش اور دیگر اشیاءخوردونوش فروخت کرنے والوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ سرکاری پرائس لیسٹ کی عدم موجودگی اور ناجائز منافع خوری پر صوبے بھر کے 5سو 70 سے زائد گراں فروشوں اور دکانداروں پر 11 لاکھ 23 ہزار روپے سے زائد کا چلان کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن میں 137 منافع خوروں پر 6 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں 435 منافع خوروں پر 4 لاکھ 24ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کھٹومل جیون نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری اشیاءفروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جائے۔