جابر موتی والا معجزانہ طور پر جان بچا کر پاکستان پہنچ گئے

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ )کراچی کا بزنس مین جابر موتی والا معجزانہ طور پر جان بچا کر پاکستان پہنچ گیا ہے ۔

امریکا اس کی حوالگی کی درخواست سے دستبردار ہو گیا ہے ۔ اس کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات ہیں .

محکمہ داخلہ میں ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جابر موتی والا جس کا اصل نام جابر صدیق ہے جسے گزشتہ بدھ کو ہائی سیکورٹی ونڈز ورتھ جیل سے رہا کردیا گیا ہے ۔

گزشتہ ہفتے امریکا نے اس کے خلاف تمام الزامات واپس لے لئے ہیں جس پر بین الاقوامی وکلا برادری حیران ہے کیونکہ امریکا کی جانب سے ایسے کسی اقدام کی شاذ و نادر ہی توقع کی جا تی ہے ۔

اس کیس میں سب سے اہم مداخلت اس وقت ہوئی جب گزشتہ 19 مارچ کو جنگ میں شائع خبر میں انکشاف کیا گیا کہ ایف بی آئی کا سابق مخبر کامران فریدی برطانوی ہائی کورٹ میں بیان قلم بند کرانا چاہتا ہے لیکن اسے برطانیہ میں داخلے سے روک دیا گیا اور برطانوی امیگریشن حکام نے جس انداز سے اسے روکا اس سے کئی سوالات سامنے آئے ہیں.

ایف بی آئی کی درخواست پر فریدی واپس امریکا چلا گیا جہاں اسے فوری گرفتار کر لیا گیا جس کی اس کے خاندان نے تصدیق کردی ہے ۔

گزشتہ 24 مارچ کو برطانوی ہائی کورٹ نے جابر موتی والا کی اپیل کی سماعت کی ، ہائی کورٹ میں سماعت کے دس دنوں کے اندر امریکی انتظامیہ نے برطانوی حکومت کو کیس واپس لینے کے بارے میں لکھ دیا ۔

اب اس بات کی تسدیق ہو گئی ہے کہ جابر موتی والا بحفاظت پاکستان پہنچ گئے ہیں
https://jang.com.pk/news/912210?_ga=2.22340539.1080647933.1618455494-1546195465.1618455489