نومنتخب آفیسرزویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی کے وفد کی شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات

نومنتخب آفیسرزویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی کے وفد نے صدرڈاکٹر حسان اوج کی سربراہی میں منگل کے روز شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اوردوران ملاقات مختلف امور پر تفصیلی گفت وشنیدہوئی ہے۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکبادیتے ہوئے کہا کہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے وقتاً فوقتاً تربیتی پروگرامز کا انعقاد ناگزیر ہے اور کووڈ19 کی صورتحال کی بہتری پر تربیتی پروگرامز کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار اداکرناہوگا اسی صورت میں ہم مزید ترقی کرسکتے ہیں۔سنڈیکیٹ میں حلقہ آفیسر کی نمائندگی کے حوالے سے شیخ الجامعہ نے کہا کہ اس حوالے سے حالیہ ہونے والی سنڈیکیٹ میں فیصلہ کرلیا گیا ہے اور بہت جلد ہی ایک آفیسرکی سنڈیکیٹ میں نمائندگی کے سلسلے میں الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کی صورتحال کے باوجود جامعہ کراچی کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بہتر سے بہتر صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے تاحال تک دوران سروس جتنے بھی ملازمین کا انتقال ہواہے ان کی بیوہ / بیٹا/ بیٹی کو فی الفور ملازمت فراہم کردی گئی ہے تاکہ وہ مالی مشکلات سے دوچارنہ ہو۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایااور میں آپ لوگوں سے بھی امید کرتاہوں کے آپ سب اپنے فرائض منصبی بروقت سرانجام دیں گے۔