ٹی ایل پی اہم مقامات پر 50 سے زائد افطار کیمپس لگائے گی

رمضان نیکیوں کا مہینہ ہے، لڑائی جھگڑوں سے گریز کریں، علامہ رضی حسینی

کراچی -تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام شہر کے مختلف علاقوں کی اہم شاہراہوں پر یکم رمضان المبارک سے اختتام رمضان تک 50 سے زائد عوامی افطار کیمپس لگائے جا رہے ہیں جہاں مسافروں اور غریبوں کو افطار کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جو مخیر حضرات کے تعاون سے ٹی ایل پی کے ذمہ داروں اور کارکنوں کی نگرانی میں کام کریں گے۔ یہ بات ٹی ایل پی کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نقشبندی نے اتوار کو مرکز میں مشاورتی اجلاس کے دوران کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ علامہ رضی حسینی نے کہا ہے کہ رمضان بھلائی، خیر خواہی اور زیادہ سے زیادہ نیکی کرنے کا مہینہ ہے اور افطار کرانے کی بڑی فضیلت اور اجروثواب ہے لہٰذا رمضان المبارک میں تحریک لبیک کے زیراہتمام جہاں مساجد میں درس قرآن و فقہ اور درس حدیث سمیت ختم القرآن کی تقریبات منعقد ہوں گی وہیں کراچی میں 50 سے زائد مقامات پر عوامی افطار کیمپس کے ذریعے لوگوں کو احترام کے ساتھ افطار کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ گرمیوں کے روزوں میں معمولی باتوں میں لڑائی جھگڑوں سے مکمل گریز کریں اور جہاں کہیں خدانخواستہ تلخ کلامی اور جھگڑے کی صورت دیکھیں محبت اور اخلاق سے لوگوں کو باہم شیروشکر رکھنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں.

اپنا تبصرہ بھیجیں