رمضان المبارک کے مہینے میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی-  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام ہمیں محبت، اخوت اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ غریبوں اور یتیموں کا خیال رکھیں اور مستحقین کی مدد کریں۔ انہوں نے اس موقع پر انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے آئی جی پولیس سندھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صبح وشام کے اوقات میں ٹریفک مینجمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے ٹریفک پولیس کی اہم شاہرا ہوں اور چوراہوں پر تعیناتی کے میکنزم کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں ٹریفک جام نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو رمضان المبارک کے مہینے میں صوبہ بھر میں امن امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس کا اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں گشت کو بڑھایا جائے تاکہ موبائل چھینے کے واقعات پر کنٹرول کیا جا سکے۔ سید مراد علی شاہ نے کمانڈ اور کنٹرول سینٹرز کے ذریعے تمام شاہراہوں اور بازاروں کی نگرانی کرنے اور فوری کارروائی کرنے کے انتظامات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام کمشنر وں کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے اشیاء خوردونوش پر ضابطہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو پرائس کنٹرول کے اختیارات دئیے گئے ہیں اس لئے خودساختہ قیمتیں نہیں بڑھنی چاہیں.


وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرز کو ہدایت دی کہ رمضان کے دوران تمام دوکانوں، سبزی اور پھل کے اسٹالز پر پرائس لسٹ آویزاں ہونی چاہئے۔ سید مراد علی شاہ نےہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلع افسران اپنے متعلقہ علاقوں کی بازاروں/مارکیٹوں کا دورہ کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرتوانائی امتیاز شیخ کو ہدایت دیتے ہوئے کہ وہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو رمضان شریف میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیاں کم سے کم ہوناچاہئے، اور سحر و افطار کے اوقات لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونے چاہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیربلدیات سعید غنی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کراچی واٹر بورڈ اور واسا کو رمضان المبارک کے اوقات کے حساب سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات کو صوبے کے تمام شہروں میں صفائی کے کاموں کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جن علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کام کر رہی ہے وہاں پر صفائی کے کام مزید بہتربنائے جائیں۔



اپنا تبصرہ بھیجیں