پیٹرول، گیس، پانی، بجلی اور یوٹیلٹی سروسز کے نرخوں میں اضافہ کا مقصد عوام الناس کی زندگی کو مزید مشکل بنانا ہے، سید ناصر حسین شاہ

کراچی – سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی، ورکس اینڈ سروسز، جنگلات و جنگلی جیوت و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے غربت کے خاتمہ کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے مہنگائی میں اضافے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے سے پی ٹی آئی کی حکومت غربت کے خاتمے کے بجائے غریب کے خاتمے پر گامزن ہے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے وابستہ افراد کو اہم عہدوں پر بٹھاکر پاکستان کو گروی رکھنے کی تیاری کی جارہی ہے اوراسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو جیسے کلیدی مالیاتی اداروں پر آئی ایم ایف کے نمائندوں کو بٹھانا ملک و عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔


انھوں نے کہا کہ پیٹرول، گیس، پانی، بجلی اور یوٹیلٹی سروسز کے نرخوں میں اضافہ کا مقصد عوام الناس کی زندگی کو مزید مشکل بنانا ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے سبب لوگوں کی معاشی زبون حالی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ سینئر وزیر آبپاشی نے کہا کہ عوام کے لیے جسم و جان کا رشتہ بحال رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور ایسے میں مٹی کے تیل کے نرخوں میں اضافے سے گھروں میں ایندھن کے طور پر استعمال کرنے والے غریب لوگ انتہائی پریشان کا شکار ہیں۔سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے رمضان المبارک کی آمد اور مہنگائی کے پیش نظر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ کو عوامی مفاد میں فوری طور پر واپس لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں