پیپلز پارٹی نے سیاسی پختگی دکھائی ،امید ہے ملکی ، عوامی مفادات کےلئے قانون سازی میں تعاون ملے گا ‘ ہمایوں اختر خان

ملک کا مستقبل بے لاگ احتساب سے جڑا ہو اہے ،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا‘ سینئر مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف
لاہور( )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی پختگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ ملکی اور عوامی مفادات کےلئے قانون سازی میں ہمیں ان سے تعاون ملے گا ،مسلم لیگ (ن) کے ماضی کی وجہ سے کوئی بھی جماعت اس پر اعتماد کرنے کے لئے تیار نہیں ، موجودہ کابینہ ربڑ سٹیمپ نہیں ہے اور بھارت سے تجارت کے حوالے سے فیصلے کی تبدیلی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کاسوائے جھوٹا اور منفی پراپیگنڈا کرنے کے سواکوئی کردار نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن کی سیاست کا وقت سے پہلے حشر نشر ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ90کی دہائی میں احتساب کا ادارہ ضرور سیاسی تھا جس کا دفتر وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں قائم تھا ، ہم نے نیب کا ادارہ نہیں بنایا ، پانچ سال پیپلز پارٹی او رپانچ سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی لیکن انہوں نے اس کے قوانین میں تبدیلی کے بارے میں نہیں سوچا، آج جب ہم قوانین میں تبدیلی کےلئے مذاکرات کی میز سجاتے ہیں تو اپوزیشن چونتیس نکات لے کر آ جاتی ہے کہ پہلے ہمارے لیڈروں کو کرپشن کیسز میں ریلیف دو جو کسی صور ت بھی ممکن نہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ ملک کا مستقبل بے لاگ احتساب سے جڑا ہو اہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، حکومت ہر صورت کرپشن کے خلاف علم بلند رکھے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر طرح کے حالات سے آگاہ ہے ، انشا اللہ ہم آئندہ دو سالوں میں مینو فیکچرنگ کے ذریعے گروتھ کو اوپر لے کر جائیں گے جس سے ریو نیو ، روزگار کی فراہمی اور مجموعی معیشت کو ترقی ملے گی۔
میڈیا سیل ہمایوں اختر خان
042-37187223