وزیربلدیات و چیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر واٹربورڈ میں ہائی الرٹ جاری

کراچی :  ایم ڈی واٹربورڈاسداللہ خان نے وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سیدناصر حسین شاہ کی ہدایات پر رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر واٹربورڈ میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، شہر بھر میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم اور سیوریج مسائل کے فوری خاتمہ کی ہدایت،دوران رمضان ایم ڈی واٹربورڈدن ورات کے مختلف پہر شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرکے خود مکینوں سے فراہمی ونکاسی آب کی صورتحال معلوم کریں گے،تنصیبات کا معائنہ اور تعینات ملازمین کی حاضری چیک کی جائے گی،بعد ادائیگی نمازتراویح مختلف اضلاع میں واقع دفاتر میں افسران کے اجلاس منعقد کرکے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ضروری ہدایات دی جائیں گی،جبکہ ہر ہفتہ کے اختتام پر ایم ڈی سیکریٹریٹ میں اعلی ٰ افسران،ماہرین وانجینئرز کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واٹربورڈکے اعلیٰ افسران وانجینئرز کے نام فوری مراسلہ جاری کیا ہے،مراسلے میں انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ رمضان سے قبل ہی شہر میں فراہمی آب کی بہتری کے لیئے فول پروف اقدامات کریں،شہر کے وسط میں واقع علاقوں سمیت بلندی وآخری سرے کی آبادیوں تک دستیاب پانی پہنچانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی مرتب کی جائے،ماہ صیام کے دوران شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے واٹربورڈ کی تنصیبات خصوصاً پمپنگ اسٹیشن کے علاوہ سیورکلینگ جیٹنگ اور راڈنگ مشینیں تیاررکھی جائیں،مرمت طلب مشینری،موٹروں او رپمپس کو درست کرالیا جائے، فراہمی ونکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشن پرجنریٹر کو قابل استعمال حالت میں رکھا جائے، نیز ان کو چلانے کیلئے ایندھن کامناسب مقدارمیں بندوبست کیا جائے، ماہ مبارک کے دوران شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم ممکن بنانے کے لئے ناغہ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے،، انہوں نے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ رمضان کے دوران تمام مساجد،امام بارگاہوں،تراویح کے مقامات کے اطراف نکاسی آب کے خصوصی و فوری اقدامات کریں، مساجد میں پانی کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے، ایگزیکٹیوانجینئرز اپنے متعلقہ علاقوں میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم پر کڑی نگاہ رکھیں،فیلڈاسٹاف نکاسی آب کی صورتحال کا یومیہ بنیاد پر جائزہ لے اور کسی بھی قسم کی شکایات کی صورت میں اس کا فوری ازالہ کیا جائے،انہوں نے واٹربورڈ کمپلین سینٹر کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے فراہمی ونکاسی آب سے متعلق ملنے والی شکایات کو ایک مربوط اور فول پروف پروگرام کے تحت فوری طور پر متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹیو انجینئرز کو آگاہ کریں،شکایات مراکزسمیت پبلک ڈیلنگ کے دفاتر میں متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر اورایگزیکٹیوانجینئرز کے فون نمبر نمایاں مقام پر آویزاں کیئے جائیں، نمٹائی جانے والی شکایات سے ایم ڈی سیکریٹریٹ کوآگاہ کیا جائے، تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز شہری وضلعی انتظامیہ خصوصاً منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہیں،انہوں نے کہا کہ وہ دوران رمضان دن ورات کے مختلف پہر شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرکے خود مکینوں سے فراہمی ونکاسی آب کی صورتحال معلوم کریں گے،تنصیبات کا معائنہ اور تعینات ملازمین کی حاضری چیک کی جائے گی،بعد ادائیگی نمازتراویح مختلف اضلاع میں واقع دفاتر میں افسران کے اجلاس منعقد کرکے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ضروری ہدایات دی جائیں گی،جبکہ ہر ہفتہ کے اختتام پر ایم ڈی سیکریٹریٹ میں اعلی ٰ افسران،ماہرین وانجینئرز کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔