پی ٹی آئی حکومت کی صحت پالیسی درحقیقت “صحت سب کے لئے” کی بجائے “صحت برائے اشرافیہ” ہے : بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عالمی یومِ صحت پر اپنے  پیغام میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی صحت پالیسی درحقیقت ‘صحت سب کے لئے’ کی بجائے ‘صحت برائے اشرافیہ’ ہے۔عمران خان کی حکومت اپنی کرپشن پر مبنی پالیسیز کے ذریعے پاکستانیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ صحت کی سہولیات پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو اس حق کو محفوظ بنانے کو یقینی بنانا ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی 260 فیصد تک اضافہ کر چکی ہے۔ جس کے نتیجے میں مریضوں کا ایک بڑا طبقہ ادویات کی مقدار کو کم کرنے یا علاج بند کرنے پر مجبور ہے۔ عمران خان کی کابینہ کے دو وزراء صحت کو کرپشن کے الزامات پر عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہےْ۔ دونوں وزراء ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ کے اسکینڈلز میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔ لیکن اس کے باوجود ان وزراء کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے تاحال صحت عامہ کے ساتھ انتھائی سفاکانہ کھیل جاری رکھا ہوا ہے۔ حکومت سندھ نے جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی اسپتالوں پر 100 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔ ان اسپتالوں میں پورے پاکستان سے آنے والے امراض قلب، جگر، کینسر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو علاج ہوتا ہے۔ ان اسپتالوں میں انتھائی اعلیٰ معیار کا علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن، پی ٹی آئی حکومت صحت عامہ کے ان کامیاب ماڈلز کو ناکام بنانے کے لیئے سازشیں کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت ان اسپتالپوں پر قبضہ کرنے کے لیئے سازشیں کر رہی ہے۔ ان کو بھی اُن بے شمار اسپتالوں کی طرح چلانا چاہتی ہے جس طرح وہ ان صوبوں میں چلا رہے ہیں جہاں ان کی حکومتیں ہیںْ۔ عمران خان نے پہلے COVID-19 کو عام فلو قرار دے کر لوگوں کو کہا کہ انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ عمران خان نے وبائی مرض کی پہلی لہر کے دوران سندھ حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی مخالفت کی۔ یہ مخالفت صرف اس لئے تھی، کیوں کہ پیپلز پارٹی کی زیرقیادت سندھ حکومت نے وباء سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت کو حکومتِ سندھ کی پیروی کرنی پڑ رہی تھی۔ عمران خان کی حکومت اب دنیا کی ان چند حکومتوں میں سے ایک ہے، جنہوں نے کوویڈ-19 سے بچاوَ کی ویکسین نہیں خریدی۔ ایسی حکومتیں مکمل طور پر عطیہ کردہ ویکسین پر انحصار کر رہے ہیں ۔عمران خان کی زیرقیادت ناجائز و نااہل سلیکٹڈ حکومت صرف ملک کی معاشی خوشحالی کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ بلکہ یہ شعبہ صحت عامہ کو بھی منظم طریقے سے تباہ کرنے پر بھی اسی طرح تلی ہوئی ہے۔ افسوس ہے، پی ٹی آئی کی نیو لبرل پالیسیاں ہر پاکستانی شہری کے لیئے نقصاندہ ہیں۔ یہ پالیسیاں ہر پاکستانی کی معاشی، سماجی، صحت اور سیاسی فلاح و بہبود کی قیمت پر صرف چند افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے کام کرتی ہیں۔