سندھ کی جیلوں میں کورونا ویکسین مہم شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے جیلوں میں قیدیوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو سندھ کی وزیر صحت کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’سندھ میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے

ڈاکٹرعذرا پیچوہو کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’زندگیاں بچانے کے عمل میں قیدیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ قیدیوں کی ویکسینیشن کا مرحلہ رواں ماہ 7 اپریل سے شروع ہوگا۔‘
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید بتایا کہ ’سندھ کی جیلوں میں قید دو ہزار 532 قیدیوں کی ویکسین لگائی جائے گی۔‘
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان میں کورونا ویکسین کی بزرگ شہریوں کو فراہمی کی مہم جاری ہے۔
خیال رہے کہ سندھ میں وبا پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت نے وفاق سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کر رکھا ہے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کے مطابق ’کورونا پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا بھی کہا ہے تاہم وفاق نے اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔‘
سعید غنی نے پیر کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’صوبہ بلوچستان، پنجاب یا خیبرپختونخوا سے سندھ آنے والوں پر پابندی عائد کی جائے، پچھلے کئی دنوں سے کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے مریضوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘
سعید غنی کے مطابق ’صوبائی حکومت نے وفاق سے سندھ آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور فلائٹس پر بھی پابندی لگانے کا کہا ہے۔‘
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ’صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مقابلے میں سندھ میں فی الحال کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد کم ہے، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ آنے والی ممکنہ خراب صورت حال سے خود کو لاعلم رکھا جائے۔
https://www.urdunews.com/node/554776