پاکستان فلم اینڈ ٹی وی کے نامور فنکار منور سعید آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نائب صدر منتخب

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی کے نامور فنکار منور سعید کو آرٹس کونسل پاکستان کراچی کا نائب صدر منتخب کر لیا
کراچی( ) آرٹس کونسل آف پاکستان کی گورننگ باڈی نے دستور میں حاصل اختیارات کے تحت اتفاق رائے سے فلم و ٹی وی کے نامور فن کار منور سعید کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا نائب صدر منتخب کیا ہے، واضح رہے کہ معروف ڈرامہ نویس حسینہ معین کے انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا۔ گورننگ باڈی کا اجلاس صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ گورننگ باڈی نے حسینہ معین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ملک کا بڑا نقصان ہے تاہم آرٹس کونسل سمجھتی ہے کہ یہ آرٹس کونسل کا ناقابل تلافی نقصان ہے، اجلاس میں حسینہ معین کے تذکرے پر صدر محمد احمد شاہ سمیت گورننگ باڈی کے ممبران، قدسیہ اکبر، منور سعید، کاشف گرامی، محترمہ نورالہدی شاہ، اقبال لطیف اور دیگر آبدیدہ ہو گئے۔ گورننگ باڈی نے ان کی خدمات کو سہرہا اور احمد شاہ بلڈنگ میں فرسٹ فلور پر ہال کا نام حسینہ معین کے نام پر منسوب کرنے کے صدر کے اعلان کی حتمی منظوری دی ۔ اجلاس نے دوسری ویمن کانفرنس اور سندھ لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد پر صدر کو مبارکباد دی اور کہا کہ کرونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران صدر احمد شاہ نے ممبران کی جو خدمت کی وہ قابل تعریف ہے، گزشتہ سال 10 ہزار سے زیادہ افراد کو راشن دیا گیا جب کہ رواں سال ممبران کے لیے کرونا ویکسینیشین کا انتظام کر کے آرٹس کونسل نے پاکستان بھر کے تمام اداروں پر سبقت حاصل کر لی ہے ۔ گورننگ باڈی نے اس موقع پر صدر کی کوشش کی تعریف کے ساتھ ایک قرار داد کے ذریعے سندھ حکومت اور خصوصا وزیر صحت عذرا پیچوہو اور پارلیمانی سیکرٹری محکمہ صحت قاسم سومرو کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی ذاتی توجہ سے آرٹس کونسل کے ممبران کو یہ سہولت مہیا ہوئی ۔ صدر احمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورننگ باڈی کے ہر ممبر کی توجہ اور مشورے سے آج آرٹس کونسل کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ کرونا وائرس کی وباء میں ادارے بند ہو رہے ہیں آرٹس کونسل میں روزانہ سیکڑوں ممبران کو ویکسینیشین لگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 6اپریل سے دوسری ڈوز لگنا شروع ہو گی میں خود پورا وقت ویکسینیشین سینٹر میں اس لیے موجود رہتا ہوں کہ ممبران اور ویکسینیشین لگوانے کے لیے آنے والوں کو کوئی دقت کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، صرف ویکسینیشین پر توجہ دی جا رہی ہے ۔یہ ہمارے ممبران اور ان کے خاندان کی زندگی کا مسئلہ ہے لہذا 50 سال سے زائد عمر کے ممبران ویکسینیشین کروائیں ۔