لئیق احمد کی ملیر کے دورے پر مجید کالونی اور مظفر آباد کی سڑکوں کی خستہ حالی کا نوٹس : فوری طور پر استر کاری شروع کرنے کی ہدایت

کراچی  : ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر محکمہ ورکس بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلع ملیر میں مجید کالونی اور مظفر آباد کی سڑکوں کی مرمت و استر کاری کا کام انجام دیا، مجموعی طور پر دونوں علاقوں میں ایک لاکھ پچاسی ہزار مربع فٹ کارپٹنگ کی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ملیر کے دورے میں مجید کالونی اور مظفر آباد کی سڑکوں کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر یہاں استر کاری شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جس پر محکمہ انجینئرنگ نے مکمل سروے کرنے کے بعد سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا کام تیزی سے مکمل کر لیا ہے مجید کالونی میں جہاں سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور گڑھے پڑنے کے باعث گاڑیوں کا گزرنا مشکل تھا ایک لاکھ پندرہ ہزار مربع فٹ سڑک کی استرکاری کر کے اس بہتر بنایا گیا ہے جبکہ مظفر آباد کالونی کی مرکزی سڑک کو مکمل ہموار کرنے کے بعد 70 ہزار مربع فٹ سڑک کی استرکاری کر دی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں اور شاہراہوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسن زیدی کو خصوصی احکامات جاری کئے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنا ہے، محکمہ ورکس روڈ مینٹی ننس اور ری ہیبیلیٹیشن کے کاموں میں اپنی مشینری اور وسائل استعمال کر رہا ہے اس کے علاوہ محکمے کی فیلڈ ٹیم شہر بھر میں کام کر رہی ہے تاکہ جہاں بھی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جلد از جلد کام کر کے انہیں موٹر ایبل بنایا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر کے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر اور کارآمد بنانا اولین ترجیح ہے، نئے کام شروع کرنے کا فائدہ تبھی ہے جب پہلے ہونے والے کاموں سے شہری استفادہ جاری رکھیں اور یہ تبھی ممکن ہے جب سڑکوں، شاہراہوں، فٹ پاتھوں اور اسٹریٹ لائٹس کی مینٹی ننس مستقل بنیادوں پر ہوتی رہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے جبکہ دیگر شہری اداروں اور سول سوسائٹی کو بھی ساتھ لے کر چل رہے ہیں جس کے مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے.