
پشاور (11 اکتوبر 2025): ترجمان گورنر ہاؤس نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق آج دن 2:30 بجے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوا ہے، جانچ پڑتال اور قانونی تقاضوں کے بعد استعفیٰ آئینی طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جائے گا، گورنر ہاؤس آئینی و قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھر کر معاملے کو شفاف انداز میں
آگے بڑھائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا ہاتھ سے لکھا تحریری استعفیٰ بھی گورنر ہاؤس پہنچا دیا گیا۔
استعفیٰ ان کے معاون خصوصی انسداد بدعنوانی مصدق عباسی گورنر ہاؤس لے کر گئے، گورنر ہاؤس کے کیئرٹیکر نے استعفیٰ وصول کر کے رسید بھی دی۔
چند روز قبل علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر بطور وزیر اعلیٰ کے پی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے استعفیٰ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کے حکم کی تعمیل کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ایک سال میں دہشتگردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کابینہ، اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں۔
اپنی ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا تھا کہ عوام کی خدمت دیانتداری سے کی، پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد۔
===========================
نئے وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب، جنید اکبر نے اپوزیشن کو چیلنج دے دیا
نئے وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب، جنید اکبر نے اپوزیشن کو چیلنج دے دیا
پشاور: پی ٹی آئی صوبائی صدر جنید اکبر نے چیلنج کیا کہ ہمارے تمام بانوے ارکان سہیل آفریدی کو ووٹ دیں گے، ایک بندہ بھی توڑ کر دکھا دیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے ہاتھ سے لکھ کر استعفیٰ بھیج دیا ہے اور اب اس کو روکنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا منڈیٹ پی ٹی آئی کے پاس ہے، پہلی دفعہ پی ٹی آئی نے فاٹا سے وزیراعلیٰ منتخب کیا، پارٹی کا حق ہے کہ جس پر چاہے اعتماد کرے۔
صوبائی صدر نے کہا کہ سہیل آفریدی ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہیں ، ان کا راستہ روکا گیا تو فاٹا کی محرومیاں بڑھیں گی۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی قیادت سہیل آفریدی کیساتھ کھڑی ہے، ہمارے تمام بانوے ارکان سہیل آفریدی کو ووٹ دیں گے، چیلنج کرتا ہوں ایک بندہ بھی توڑ کر دکھا دیں، بانی سے بے وفائی کرنے والے پر زمین تنگ کردیں۔























