جاپان کی جانب سے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے دو غیر سرکاری تنظیموں کو گرانٹ


پریس ریلیز
___________

بروز جمعرات، ۹ اکتوبر ۲۰۲۵
بمقام جاپانی قونصل خانہ کراچی

کراچی – حکومتِ جاپان نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے دو مقامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس (جی جی پی) کے تحت 99,967 امریکی ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 83 لاکھ روپے) تک کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرانٹ کے معاہدوں پر جاپان کے قونصل جنرل، ہاتوری مسارو اور دونوں تنظیموں کے نمائندوں نے جمعرات، ۹ اکتوبر ۲۰۲۵ کو جاپانی قونصل خانہ کراچی میں دستخط کیے۔

گرانٹ حاصل کرنے والی تنظیمیں محمدی ہیماٹولوجی، آنکولوجی سروسز اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن (محمدی فاؤنڈیشن) اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائی اسکول (بینظیر بھٹو ہائی اسکول) ہیں۔

محمدی فاؤنڈیشن کو 40,953 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 16 لاکھ روپے) کی جی جی پی گرانٹ فراہم کی جائے گی تاکہ خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے جدید طبی آلات حاصل کیے جا سکیں۔ اس معاونت سے فاؤنڈیشن روزانہ تقریباً 120 خون کے نمونوں کی جانچ کرنے کے قابل ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں مریضوں کو بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی سہولت فراہم ہوگی۔

بینظیر بھٹو ہائی اسکول کو 59,014 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 67 لاکھ روپے) کی جی جی پی گرانٹ دی جائے گی، جس کے ذریعے نئے کلاس رومز کی تعمیر، سائنس لیبارٹری کے آلات اور ٹرانسپورٹ وہیکل حاصل کیا جائے گا۔ اس معاونت سے اسکول میں سائنسی طور پر لیس لیبارٹری قائم کی جا سکے گی، جبکہ طالبات کے لیے محفوظ سفری سہولت ان کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے امید ظاہر کی کہ محمدی فاؤنڈیشن اور بینظیر بھٹو ہائی اسکول عوام میں اپنی خدمات اور کوششوں کو مزید فروغ دیں گے۔

حکومتِ جاپان مقامی غیر سرکاری تنظیموں کو لچکدار اور بروقت گرانٹ امداد کے ذریعے پاکستان کے عوام کی سماجی فلاح و بہبود میں بہتری کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گی۔