فیصل آباد میں آئی اے ای اے کا علاقائی تربیتی کورس برائے فصلوں کی بہتری کا آغاز


فیصل آباد:پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ممتاز زرعی تحقیقی ادارے، نیاب (NUCLEAR INSTITUTE FOR AGRICULTURE AND BIOLOGY) نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (IAEA) کے زیرِ اہتمام فصلوں کی غذائی معیار میں بہتری کے لیے ایڈوانسڈ میوٹیشن بریڈنگ کے ذریعے تربیتی کورس کا آغاز کیا ہے ۔

اس موقع پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی قائم مقام ڈائریکٹر، ڈاکٹر ثمینہ اقبال نے نیاب اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زرعی تحقیق میں ایٹمی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالے سے اہم کردار کو سراہا۔

اس سے پہلے نیاب کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اختر نے علاقائی تربیتی کورس میں شریک شرکاء کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کورس زرعی شعبے میں قیمتی معلومات کے تبادلے اور بہترین طریقوں کو اپنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

، ہیڈ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر کاشف ریاض خان نے اس موقع پر کہا کہ زرعی شعبے میں ایٹمی ٹیکنالوجی کا محفوظ استعمال انتہائی ضروری ہے، جس کے ذریعے نیاب نے 65 فصلوں کی نئی اقسام متعارف کرائی ہیں۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی بلغاریہ کی پروفیسر ڈاکٹر ناسیا ٹوملیکووا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی صلاحیت میں اضافے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

اس تربیتی کورس میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے 14 رکن ممالک کے زرعی ماہرین اور شرکاء شریک ہیں، جو 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ نیاب کو زرعی شعبے میں ایٹمی توانائی ایجنسی کا ‘کولیبوریٹنگ سینٹر’ بھی مقرر کیا گیا ہے۔