غزہ کے عالمی دن کے موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے مظلوم فلسطینی بھا یؤں کے حق میں ریلی کا انعقاد

پریس ریلیز
غزہ کے عالمی دن کے موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے مظلوم فلسطینی بھا یؤں کے حق میں ریلی کا انعقاد
اسرائیلی بربریت اورفلسطینی مسلمانوں کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں: فراز حسیب
اقوام عالم اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جاری مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے: فراز حسیب
مورخہ07 اکتوبر 2025
کراچی( ) غزہ کے عالمی دن کے موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے مظلوم فلسطینی بھا یؤں کے حق میں ریلی کا انعقاد۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی قیادت میں مرکزی کیمپ سے سندھی ہوٹل تک ریلی نکالی گئی، اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، ٹاون افسران، اسکول کے بچوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرچیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے غزہ کے مظلوم نہتے معصوم بچوں عورتوں بزرگوں پر وحشیانہ بمباری اور نہتے معصوم لوگوں کا قتل عام،عالمی قوتوں کی مجرمانہ خاموشی،انسان حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی،اور عالم برادری اور تمام اسلامی ممالک اور بالخصوص پاکستان کے موجودہ حکمرانوں کو فلسطین کے حق خود ارادیت اور نہتے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔لیاقت آباد کے چیئرمین فراز حسیب نے مزید کہا کہ غزہ کو کئی سالوں سے مکمل طور پر اسرائیلی محاصرہ کا سامنا ہے، وہاں کے لوگ نہ تو آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں نہ کچھ برآمد کر سکتے ہیں اور نہ ہی کچھ درآمد کر سکتے ہیں،دوسرے الفاظ میں غزہ ایک کھلی جیل کی مانند ہے وہاں کے لوگ کیا کر سکتے ہیں تاریخ کی بدترین دہشت گردی کے ہاتھوں غزہ اور مغربی کنارے پہ نہتے فلسطینی بچوں کی چیخیں اور عورتوں کی آہ وزاریاں سننے والا کوئی نہیں۔ جنگ کے عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن طاق نسیاں ہوئے۔اسرائیل کی بمباری سے غزہ تباہ و برباد ہوچکا، اب اسپتال اور پناہ گاہیں بھی نشانہ پر ہیں۔اقوام عالم پر یہ بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جاری مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، فلسطینیوں کو جینے کا حق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق دیا جائے، یہی وقت کا تقاضا اور ضرورت ہے۔
جاری کردہ:۔ فہیم مصطفی
ڈائریکٹر انفارمیشن
لیاقت آباد ٹاون