
پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت تنازع: نواز شریف نے مریم نواز کی حمایت کردی
اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے پنجاب حکومت سے تنازع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے مریم نواز کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری تنازع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل حمایت کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دو روز قبل جاتی امرا لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں صوبائی سطح پر پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے تجویز دی کہ اگر مریم نواز اپنے بیانات میں نرمی اختیار کریں تو پیپلز پارٹی بھی محاذ آرائی سے گریز کرے گی۔
تاہم نواز شریف نے اپنی بیٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حالیہ بیانات پیپلز پارٹی کی غیرضروری تنقید کا جواب ہیں، اور انہوں نے پنجاب کے عوام کی درست نمائندگی کی ہے۔
نواز شریف کے مؤقف کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے گزشتہ روز ایک سخت پریس کانفرنس میں دوبارہ مریم نواز پر تنقید کی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھ گیا ہے۔
==========================
سندھ اور پنجاب حکومت میں کشیدگی پر صدر زرداری متحرک، وزیر داخلہ کو فوری طلب کرلیا
صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فون کر کے سندھ اور پنجاب کے درمیان چلنے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو فائل
سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کو ختم کروانے کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری متحرک ہو گئے اور انہوں نے معاملے کے حل کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فوری طور پر طلب کر لیا۔
ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فون کر کے سندھ اور پنجاب کے درمیان چلنے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فوری طور پر کراچی طلب کر لیا ہے تاکہ دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو بطور وزیر اعلیٰ میں اسے جواب ضرور دوں گی اور صوبے کے عوام کا تحفظ کروں گی، کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو مباحثے کا چیلنج دیا جسے عظمیٰ بخاری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ سندھ میں اپنی 17 سالہ حکومت کے دوران 17 منصوبے گنوا دیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا لاہور آئیں میں آپ کو گھماؤں گی، آئیے آپ کو بہاولپور، ملتان، لودھراں، رحیم یار خان، ڈی جی خان دکھاؤں، آپ مجھے کشمور لے چلیے، نواب شاہ، گڑھی خدا بخش لے چلیے کہ آپ نے کیا کیا۔























